• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

عالمی بینک کا سری لنکا کو نیا قرض دینے سے انکار

شائع July 30, 2022
سری لنکا اس وقت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ بیل آؤٹ پر بات چیت کر رہا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
سری لنکا اس وقت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ بیل آؤٹ پر بات چیت کر رہا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

عالمی بینک نے کہا کہ وہ سری لنکا کو اس وقت تک نئی مالی امداد کی پیشکش نہیں کرے گا جب تک کہ دیوالیہ ہونے والا ملک اپنی تباہ حال معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے 'گہری ساختی اصلاحات' نہیں کرلیتا۔

ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق سری لنکا غیر معمولی بدحالی کا شکار ہے جہاں اس کے 2 کروڑ 20 لاکھ شہری کئی مہینوں سے خوراک اور ایندھن کی قلت، بلیک آؤٹ اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کو برداشت کر رہے ہیں۔

یہ جنوبی ایشیائی ملک اپریل میں اپنے 51 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرض پر دیوالیہ ہوگیا تھا اور رواں ماہ کے اوائل میں زبردست احتجاجی مظاہروں نے سابق صدر گوٹابایا راجا پاکسا کو ملک چھوڑ کر استعفیٰ دینے پر مجبور کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بحران کے شکار سری لنکا میں اسکول بند، ایندھن کی بچت کے لیے گھر سے کام کرنے پر زور

عالمی بینک نے کہا ہے کہ وہ سری لنکا کے عوام پر بحران کے اثرات کے بارے میں فکر مند ہے لیکن وہ اس وقت تک فنڈز دینے کو تیار نہیں جب تک حکومت ضروری اصلاحات نہیں کر لیتی۔

قرض دہندہ نے ایک بیان میں کہا کہ 'جب تک ایک مناسب میکرو اکنامک پالیسی فریم ورک نہیں ہوگا ورلڈ بینک سری لنکا کو نئی مالی امداد کی پیشکش کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا'۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس کے لیے گہری ساختی اصلاحات کی ضرورت ہے جو اقتصادی استحکام پر توجہ مرکوز کریں اور یہ بحران پیدا کرنے والی بنیادی ساختی وجوہات کو بھی حل کریں۔

مزید پڑھیں: سری لنکا میں مشتعل مظاہرین کا صدر کی رہائش گاہ پر دھاوا، صدر کا استعفے کا فیصلہ

عالمی بینک نے کہا کہ وہ پہلے ہی موجودہ قرضوں میں سے 16 کروڑ ڈالر کو فوری طور پر درکار ادویات، کھانا پکانے والی گیس اور اسکول کے کھانے کی مالی اعانت کے لیے موڑ چکا ہے۔

سری لنکا اس وقت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ بیل آؤٹ پر بات چیت کر رہا ہے لیکن حکام کا کہنا ہے کہ اس عمل میں مہینوں لگ سکتے ہیں۔

جنوبی ایشیائی ملک کے پاس انتہائی ضروری درآمدات کے لیے بھی زرمبادلہ ختم ہو گیا ہے اور دائمی قلت نے عوامی غم و غصے کو بھڑکا دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024