• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

امید ہے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات تاریخی بلندیوں کو چھوئیں گے، آرمی چیف

شائع August 12, 2022
آرمی چیف نے کہا کہ عصر حاضر کے چیلنجر سے نمٹنے کے لیے نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائیں — فوٹو: ڈان نیوز
آرمی چیف نے کہا کہ عصر حاضر کے چیلنجر سے نمٹنے کے لیے نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائیں — فوٹو: ڈان نیوز

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستقبل میں تاریخی بلندیوں کو چھوئیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانیہ کی سینڈ ہرسٹ رائل ملٹری اکیڈمی میں ہونے والے 213 ریگولر کمیشننگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان کے پہلے آرمی چیف ہیں جنہوں نے رائل ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔

بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اس تقریب میں شرکت میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانوی کیڈٹس کے علاوہ 41 غیر ملکی کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہو رہے ہیں، پاس آؤٹ ہونے والے تمام کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع

انہوں نے کہا کہ ’2 پاکستانی کیڈٹس بھی آج آپ کے ساتھ پاس آؤٹ ہوں گے اور میں کہنا چاہوں گا کہ مجھے آپ سب پر اتنا ہی فخر ہے جتنا مجھے ان دونوں پر ہے‘۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے اکیڈمی میں کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کرنے پر کیڈٹس اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ یہاں دنیا کی بہترین افواج کا حصہ بنے ہیں جنہوں نے عظیم فوجی رہنما پیدا کیے‘۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات دوستی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان بہترین دفاعی تعلقات پائے جاتے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ آج اکیڈمی میں میری موجودگی پاکستان اور برطانیہ کے مشترکہ تعلقات کا ثبوت ہے، امید ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی بلندیوں کو چھوئیں گے۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح دونوں مسلح افواج کے درمیان تعلق منفرد نوعیت کا ہے اور فوجی تربیت اور دیگر عسکری سرگرمیوں میں قریبی پیشہ ورانہ رابطے کے ذریعے برسوں سے اسے زندہ رکھا گیا ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ سب پر بڑی ذمہ داریاں اور اہم توقعات وابستہ ہوں گی، ان کا کہنا تھا کہ عصر حاضر کے چیلنجر سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ’آپ کا آئندہ سفر مشکل مگر دلچسپ بھی ہوگا، جیسے جیسے آپ آگے بڑھیں گے، آپ سے پیشہ ورانہ مہارت کی امیدیں بھی بڑھیں گی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی پیشہ ورانہ علم کے ساتھ پیدا نہیں ہوتا بلکہ اسے وقت کے ساتھ ساتھ حاصل کرنا پڑتا ہے، اس کے بغیر آپ پیشہ ورانہ اعتماد حاصل نہیں کر سکتے جو کہ کامیاب فوجی قیادت کی پہچان ہے، پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ساتھ فیصلہ سازی کی قوت بھی بہت اہم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات

انہوں نے کہا کہ ’آپ میں فیصلے لینے اور ان کی مکمل ذمہ داری قبول کرنے کا عزم ہونا چاہیے، اس کے لیے اعتماد اور قابلیت کی ضرورت ہوگی‘۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ آج مسلح افواج کی بنیادی ذمہ داری جنگیں جیتنا نہیں بلکہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ جنگوں کی نوبت ہی نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ اس کا دارومدار ہماری اجتماعی صلاحیت پر ہے کہ ہم اکٹھے ہوں اور تصادم کے بجائے امن اور تعاون کا راستہ اختیار کریں، تصادم کے بجائے روابط مضبوط کریں اور ذاتی تحفظ کے بجائے کثیرالجہتی تحفظ کا راستہ اختیار کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی امن کی خاطر ہمیں بین الاقوامی مشترکات کے اجتماعی دفاع پر اتفاق رائے اور بین الاقوامی قانون کے وقار کو برقرار رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے، اگر ہم اس میں ناکام ہوئے تو یہ اس خوبصورت دنیا کی تباہی کا سبب بنے گا۔

تقریب سے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کیڈٹس کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ عزت، وقار اور فخر کے ساتھ اپنے ملک کی خدمت کریں گے۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ

بعد ازاں جنرل قمر جاوید باجوہ نے مختلف کیڈٹس سے گفتگو بھی کی اور ان کے جذبے کو سراہا۔

خیال رہے کہ برطانوی کیڈٹس کے علاوہ 26 ممالک کے 41 بین الاقوامی کیڈٹس نے پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی، پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کے 2 کیڈٹس عبداللہ اور مجتبیٰ بھی پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس میں شامل تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچے تھے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف رائل ملٹری اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے لیے برطانیہ پہنچے ہیں، دورے کے دوران وہ برطانوی عسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔

فوج کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے جنرل قمر جاوید باجوہ ہر سال باقاعدہ دورے پر آتے رہے ہیں، تاہم کورونا وبا کی وجہ سے وہ گزشتہ 2 برسوں میں سینڈ ہرسٹ کا دورہ نہ کر سکے۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل او سی پر فوجی جوانوں کے ساتھ عید منائی

رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ (آر ایم اے ایس) برطانیہ کی متعدد فوجی اکیڈمیوں میں سے ایک ہے اور یہ برطانوی فوج کے افسران کا ابتدائی تربیتی مرکز ہے۔

برطانوی فوج کے تمام افسران سمیت بیرون ملک مقیم دیگر مرد اور خواتین افسران اس اکیڈمی سے تربیت یافتہ ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024