انتہاپسند ہندؤں کے احتجاج کے باوجود ’لال سنگھ چڈھا‘ریلیز
انتہاپسند ہندؤں کے احتجاج کے باوجود بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ’لال سنگھ‘ چڈھا ریلیز کردی گئی مگر لوگوں کی کم دلچسپی کی وجہ سے فلم کے 1300 شوز منسوخ کردیے گئے۔
’لال سنگھ چڈھا‘ ہولی وڈ کی 1994 کی کلاسک فلم ’فارسٹ گمپ‘ کا ہندی ریمیک ہے، جس میں ٹام ہینکس نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
’لال سنگھ چڈھا‘ میں ٹام ہینکس کا کردار عامر خان نے ادا کیا ہے جب کہ کرینہ کپور نے ان کے پیار کا کردار ادا کیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم میں عامر خان کی والدہ کا کردار ان سے 17 سال کم عمر اداکارہ مونا سنگھ نے ادا کیا ہے۔
فلم کو بھارت میں 11 اگست کو ریلیز کیا گیا اور ’بولی وڈ ہنگامہ‘ کے مطابق اس کا مقابلہ اکشے کمار کی فلم رکشا بندھن سے تھا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں فلموں کو ملک کی 10 ہزار اسکرینز پر ریلیز کیا گیا تھا مگر پہلے ہی دن لوگوں کی کم دلچسپی کے باعث دونوں فلموں کے ڈھائی ہزار کے قریب شوز منسوخ کردیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ’لال سنگھ چڈھا‘ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیوں کیا جا رہا ہے؟
رپورٹ کے مطابق لال سنگھ چڈھا کے 1300 شوز منسوخ کیے گئے، کیوں کہ مذکورہ فلم کے بعض شوز کو دیکھنے کے لیے صرف ایک درجن کے قریب لوگ ہی حال میں موجود تھے۔
اسی طرح اکشے کمار کی فلم رکشا بندھن کے بھی ایک ہزار شوز منسوخ کردیے گئے اور ان کی فلم کو دیکھنے کے لیے بھی حال میں 20 افراد تک موجود تھے۔
دوسری جانب ’ہندوستان ٹائمز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ’لال سنگھ چڈھا‘ کی ریلیز کے موقع پر انتہاپسند ہندؤں نے عامر خان کے خلاف احتجاج جاری رکھا اور سینما مالکان سے ان کی فلم کی نمائش نہ کرنے کا مطالب کیا۔
عامر خان کےخلاف سب سے زیادہ احتجاج ریاست اترپردیش اور پنجاب میں دیکھا گیا، تاہم اس باوجود ان کی فلم کو ریلیز کردیا گیا مگر اس نے اندازوں سے کہیں کم کمائی کی۔
اخبار کے مطابق ’لال سنگھ چڈھا‘ نے 10 سے 12 کروڑ روپے کی کمائی ہی کی جو کہ اب تک عامر خان کی تمام فلموں سے کم کمائی ہے۔
زیادہ تر تجزیہ نگاروں کا خیال تھا کہ عامر خان کی فلم پہلے ہی دن 30 کروڑ تک کمائے گی، تاہم ایسا نہیں ہوا۔
لال سنگھ چڈھا سے چار سال قبل 2018 میں عامر خان کی آخری فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ ریلیز ہوئی تھی اور اس نے بھی بہت کم کمائی کی تھی۔
اسی طرح کرینہ کپور بھی دو سال بعد بڑے پردے پر دکھائی دی ہیں، اس سے قبل ان کی آخری فلم ’انگریزی میڈیم‘ 2020 میں ریلیز ہوئی تھی۔
عامر خان اور کرینہ کپور کی ایک ساتھ یہ تیسری فلم ہے، اس سے قبل دونوں نے ’تھری ایڈیئیٹس اور تلاش‘ جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔