چین میں کورونا کیسز میں اضافہ، دو کروڑ آبادی کے حامل شہر چینگڈو میں لاک ڈاؤن
چینی حکام نے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر صوبہ سیچوان کے دو کروڑ آبادی کے حامل بڑے اقتصادی شہر چینگڈو میں لاک ڈاؤن لگا دیا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق شہر کے سُپر اسٹور میں اشیا کی قلت ہے اور شہر میں ایک بار پھر طویل لاک ڈاؤن کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کیسز میں اضافے کے سبب چین کے شہر چینگ چُن میں لاک ڈاؤن
اے ایف پی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ سُپر مارکیٹ کی شیلف خالی ہیں اور لوگ لازمی قرار دی گئی ٹیسٹنگ کے لیے قطاروں میں کھڑے ہیں۔
25 سالہ نوجوان مقامی شہری نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ شنگھائی میں خوراک کی قلت کی وجہ سے ہر کوئی سامان ذخیرہ کررہا ہے۔
نوجوان کا کہنا تھا کہ وہ چین کے مشرقی شہر میں رہتے ہیں اور چینگڈو میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور لاک ڈاؤن کے بارے میں اطلاع ملی تو انہوں نے بھی سامان ذخیرہ کرنا شروع کردیا۔
مزید پڑھیں: چین میں کورونا وائرس کو شکست کے بعد لوگوں کی ‘انتقامی سیاحت’
سرکاری نوٹس کے مطابق قواعد کے تحت گھر کے صرف ایک فرد کو ضروری سامان خریدنے کے لیے باہر جانے کی اجازت ہوگی، جبکہ باہر جانے کے لیے شہریوں کو گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرائے گئے کووڈ کے منفی ٹیسٹ کے نتائج لازمی دکھانے ہوں گے۔
سرکاری اعلامیے میں تمام شہریوں کے وائرس کے ٹیسٹ لازمی ٹیسٹ کرانا ہوں گے اور انتہائی ضرورت کے علاوہ وہ شہر نہ چھوڑیں۔
اس سے قبل ایک شخص نے شہر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے وجہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی تھی جسے پولیس نے گرفتار کرلیا جس کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر صارفین نے شہری کو ‘پہلے سے خبردار’ کرنے پر ہیرو قرار دیا ہے۔
شہر میں 150 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 47 افراد کو کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں جس کے بعد حکام نے جمعرات اور اتوار کے درمیان بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹ کروانے کے احکامات جاری کیے۔
چین کی معیشت دنیا کی سب سے بڑی معیشتوں میں شمار ہوتی ہے جہاں کورونا کے حوالے سے عدم برداشت کی پالیسی بنائی گئی ہے لیکن موجودہ صورتحال حکومت کے لیے ایک چیلنج بنی ہوئی ہے۔