کراچی: بین الاقوامی مسافروں کو لوٹنے والے 2 ’ڈکیت‘ پولیس مقابلے میں ہلاک
کراچی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ بین الاقوامی مسافروں کو لوٹنے والے گینگ کے 2 مبینہ ڈکیت گلستانِ جمال میں مقابلے کے دوران مارے گئے جبکہ ایک اور ڈکیت کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
عزیز آباد پولیس کے مطابق ڈکیتی کی شکایت ملنے پر ملینیم شاپنگ مال کے قریب پولیس اور ڈکیتوں کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 ڈکیت ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے، تاہم ایک اور ڈکیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت 21 سالہ جاسم اور 25 سالہ یٰسین کے ناموں سے ہوئی۔
مزید پڑھیں: کراچی: پولیس کا 'ڈکیتوں' سے مقابلہ، میڈیکل کی طالبہ جاں بحق
ہلاک اور زخمی ڈکیتوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 3 ٹی ٹی پستول، ایک لیپ ٹاپ، ایک سوک کار برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس ایس پی شرقی سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے ملزمان کا تعلق بین الاقوامی مسافروں کو لوٹنے والے گینگ سے ہے، جو ایئرپورٹ سے آنے والے مسافروں کو لوٹنے میں ملوث ہیں۔
ایس ایس پی نے کہا کہ بین الاقوامی پرواز کے ذریعے استنبول سے آنے والے علی نامی مسافر نے 15 مددگار کو اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ موسمیات کے قریب سلور کار میں سوار ملزمان ان سے تین بیگ، 15 ہزار روپے اور 800 ڈالرز چھین کر گئے ہیں۔
پولیس افسر نے مزید کہا کہ ملزمان کو پکڑنے کے لیے ایک چوکی قائم کی گئی اور جب نیپا کے قریب ٹریفک سگنل پر گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے پولیس پر اندھادھند فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد پولیس نے پوزیشن لیتے ہوئے ملزمان پر جوابی فائرنگ کی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: ڈکیتی کے بعد فرار ہونے والا ملزم پولیس کی فائرنگ سے ہلاک
انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 ڈکیت ہلاکت ہوگئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
ایس ایس پی نے کہا کہ برآمد کار کا نمبر پلیٹ جعلی نکلا ہے جبکہ فرار ہونے والے ڈکیت اور کار مالک کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ایس ایس پی نے کہا کہ ملزم جاسم کے خلاف گل برگ، گلستان جوہر، جوہر آباد، ملیر کینٹ، ناظم آباد اور شاہراہ نور جہاں تھانوں میں 2021 کے مقدمات درج تھے، جن میں سے اس نے 5 مقدمات میں ضمانت حاصل کرلی تھی اور چھٹے مقدمے میں باعزت بری کیا گیا تھا۔
دوسری جانب مبینہ ٹاؤن پولیس نے بین الاقوامی مسافروں کو لوٹنے پر ملزمان کے خلاف دفعہ 395 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔