بُرکینا فاسو میں گاڑیوں کے قافلے میں دھماکا، 35 شہری ہلاک
مغربی افریقہ کے ملک برکینا فاسو کے شمالی علاقے میں سامان لے جانے والی گاڑیوں میں دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 35 شہری ہلاک اور 37 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق مالی اور نائیجر کی سرحدوں سے متصل شمال مشرقی علاقے ساحل کے گورنر روڈولف سورگو نے بتایا کہ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب فوجیوں کا قافلہ بورزنگا سے جیبو جانے والی سڑک پر سفر کر رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: نائجیریا میں دھماکے، 64 افراد ہلاک
مذکورہ علاقہ 10 سالوں سے سیکیورٹی بحران کا شکار رہا ہے جبکہ علاقے میں فوجی قبضوں کے بعد القاعدہ اور داعش کی تنظیموں نے بھی پناہ حاصل کی ہے۔
مقامی گورنر نے بیان میں کہا کہ شہریوں کو لے جانے والی ایک گاڑی دیسی ساختہ بم سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
جیبو کے رہائشی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ’کئی درجن گاڑیاں بشمول ٹرک اور پبلک ٹرانسپورٹ بسیں دھماکے کی زد میں آئیں‘۔
مزید پڑھیں: القاعدہ کا یمن میں علیحدگی پسندوں پر حملہ، 27 جنگجو ہلاک
جیبو کے رہائشی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ’ان میں ایسے متاثرین بھی موجود ہیں جو تاجر ہیں، یہ تاجر اوگاڈوگو میں سامان خریدنے جارہے تھے جبکہ ان متاثرین میں کچھ طلبہ بھی شامل ہیں جنہیں اگلے تعلیمی سال کے لیے دارالحکومت واپس جانا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال اگست کے اوائل میں اس علاقے میں ڈبل آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 15 فوجی ہلاک ہوئے تھے، جبکہ جون میں سیٹنگا کے شمالی قصبے میں مسلح حملہ آوروں کے نتیجے میں 86 شہری ہلاک ہوئے تھے۔