• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm

سید نور کا صائمہ سے شادی کو ایک دہائی تک خفیہ رکھنے کا اعتراف

شائع September 16, 2022
سب کو لگتا تھا ہماری شادی چند ماہ چلے گی، سید نور—فائل فوٹو: فیس بک
سب کو لگتا تھا ہماری شادی چند ماہ چلے گی، سید نور—فائل فوٹو: فیس بک

ماضی کے مقبول فلم ساز سید نور نے پہلی بار اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے اداکارہ صائمہ سے شادی کی بات کو تقریب ایک دہائی تک خفیہ رکھا تھا جب کہ یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ ان دونوں کے خاندان ہی ان کی شادی ختم کروانے کی کوششیں کرتے رہے۔

سید نور نے ’جی این این کے سنگ‘ میں پہلی بار اداکارہ صائمہ سے رومانس اور شادی سمیت پہلی اہلیہ اور اپنے اکلوتے بیٹے کے حوالے سے بھی کھل کر باتیں کیں۔

سید نور نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ ان کی پہلی اہلیہ رخسانہ نور گھریلو خاتون تھیں، وہی انہیں فلموں میں لائے اور انہوں نے ان کی فلموں کے لیے جتنے بھی گانے لکھے وہ بے حد مقبول ہوئے۔

ان کے مطابق یہ غلط ہے کہ ان کی ہدایت کردہ فلموں میں ان کی پہلی اہلیہ رخسانہ نور کا بھی کوئی کردار تھا۔

فلم ساز نے بتایا کہ جب ان کی پہلی اہلیہ رخسانہ کو صائمہ سے رومانس کا علم ہوا تو وہ ناراض ہوئیں مگر پھر وہ مان بھی گئیں اور ان کی دوسری شادی کو سب سے پہلے انہوں نے ہی قبول کیا۔

انہوں نے صائمہ سے شادی اور محبت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صائمہ کو دیکھتے ہی انہیں ان سے محبت ہوگئی تھی مگر اس کا اظہار انہوں نے کئی سال بعد کیا۔

دونوں کے درمیان شادی سے قبل ہی تعلقات ہوئے تھے—فوٹو: فیس بک
دونوں کے درمیان شادی سے قبل ہی تعلقات ہوئے تھے—فوٹو: فیس بک

انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ انہوں نے صائمہ سے محبت کی خاطر انہیں فلموں میں ہیروئن کے طور پر کاسٹ کیا اور باقی ہیروئنز کو نظر انداز کیا۔

سید نور نے کسی بھی اداکارہ کا نام لیے بغیر بتایا کہ بعض اداکارائیں ان پر بہتان لگاتی ہیں، ایسا بلکل نہیں کہ انہوں نے محبت کی خاطر صرف صائمہ کو ہی فلموں میں کاسٹ کیا۔

انہوں نے سوال کیا کہ انہوں نے جو کردار صائمہ کو دیے، کیا وہ کوئی اور اداکارہ کر سکتی تھیں؟

پروگرام کے دوران انہوں نے اعتراف کیا کہ فلم ’گھونگھٹ‘ کے بعد ان کے اور صائمہ کے درمیان محبت ہوئی اور ساتھ ہی یہ بھی اعتراف کیا کہ انہوں نے کئی سال تک صائمہ سے شادی کی بات کو خفیہ رکھا۔

فلم ساز نے اعتراف کیا کہ ان کی اور صائمہ کی شادی 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم ’چوڑیاں‘ کے فوری بعد ہوگئی تھی مگر انہوں نے اس کا اعتراف 2007 میں تقریبا ایک دہائی بعد کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب ان کی شادی کی باتیں سامنے آئیں تو ان کے خاندان سمیت صائمہ کے گھر والے بھی ناراض ہوگئے اور ہر کسی نے یہی دعویٰ کیا کہ ان کی شادی چند ماہ میں ختم ہوجائے گی۔

صائمہ نے سید نور کی درجنوں فلموں میں بطور ہیروئن کام کیا—فوٹو: فیس بک
صائمہ نے سید نور کی درجنوں فلموں میں بطور ہیروئن کام کیا—فوٹو: فیس بک

سید نور نے یہ انکشاف بھی کیا کہ صائمہ کے گھر والوں نے ان کی شادی ختم کروانے کی کوششیں بھی کیں مگر چوں کہ ان کے درمیان سچی محبت تھی تو تاحال وہ ایک بنے ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ 2018 میں سید نور اور صائمہ کے درمیان اختلافات اور طلاقوں کی افواہیں پھیلی تھیں، جس پر دونوں نے وضاحت دیتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا۔

صائمہ اور سید نور کے درمیان فلم ’گھونگھٹ‘ کی شوٹنگ کے دوران تعلقات استوار ہوئے، اس فلم میں صائمہ کے علاوہ ریشم، شان اور ارباز خان بھی ایکشن میں نظر آئے تھے۔

رومانٹک تھرلر فلم میں صائمہ لولی وڈ اسٹار شان سے رومانس کرتی نظر آئی تھیں، 1996 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کا گانا ’دیکھا جو چہرہ تیرا‘ انتہائی مقبول ہوا تھا۔

صائمہ نے 1987 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا، اور انہوں نے اردو اور پنجابی زبانوں میں بننے والی 150 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ 67 سالہ سید نور نے فلم سازی کی شروعات 1970 میں کی، اور انہوں نے اب تک پنجابی اور اردو زبان کی 100 سے زائد فلمیں بنائی ہیں۔

سید نور کو پہلی اہلیہ رخسانہ سے ایک ہی بیٹا ہے جب کہ صائمہ سے ان کی کوئی اولاد نہیں—فوٹو: فیس بک
سید نور کو پہلی اہلیہ رخسانہ سے ایک ہی بیٹا ہے جب کہ صائمہ سے ان کی کوئی اولاد نہیں—فوٹو: فیس بک

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024