• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

‘اگر آپ بابر اور رضوان کو مسئلہ سمجھتے ہیں تو آپ نے دو سال سے کرکٹ نہیں دیکھی’

شائع September 23, 2022
انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں بابر اور رضوان کی عمدہ بیٹنگ کے بعد ٹوئٹر پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے— فوٹو بشکریہ اے ایف پی
انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں بابر اور رضوان کی عمدہ بیٹنگ کے بعد ٹوئٹر پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے— فوٹو بشکریہ اے ایف پی

قومی ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں شاندار اور ریکارڈ ساز فتح پر جہاں پر بابر اعظم اور محمد رضوان کو مبارکباد دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے وہیں دونوں کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بنانے والے ناقدین کو پاکستانی اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے اپنے دلچسپ تبصروں سے آڑے ہاتھوں لیا۔

انگلینڈ کے خلاف سات ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کو یٹنگ لائن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

مداحوں اور سابق کرکٹرز نے قومی ٹیم کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن کی مسلسل ناکامی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا جبکہ کچھ ناقدین نے اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان کی ‘سست بیٹنگ’ کو بھی ٹیم کی ناکامی کی وجوہات میں سے ایک قرار دیا تھا۔

تاہم انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے اپنی عمدہ اور جارحانہ بیٹنگ سے ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دینے کے ساتھ ساتھ ریکارڈ ساز فتح بھی ٹیم کے نام کر کے ناقدین کے منہ بند کردیے۔

انگلینڈ نے دوسرے میچ میں بین ڈکیٹ اور معین علی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو فتح کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا لیکن بابر اور رضوان کی جوڑی نے بغیر کسی نقصان کے ہدف حاصل کر کے ٹی20 انٹرنیشنل میں پہلی وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت کا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔

پاکستانی اوپنرز نے 17سال بعد دورے پر آئی انگلش ٹیم کے خلاف کپتان بابر اعظم کی سنچری کی بدولت بغیر کسی نقصان کے 200رنز کا ہدف حاصل کیا اور یہ کارنامہ انجام دینے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اس فتح پر بابر اور رضوان کو مبارکباد دیتے ہوئے بھارت کے خلاف 10 وکٹوں سے شکست کا حوالہ بھی دیا۔

اس دوران قومی ٹیم کے موجودہ اور سابق کرکٹرز کے ساتھ ساتھ نامور بین الاقوامی کھلاڑیوں اور مبصرین نے بھی بابر اور رضوان کی جوڑی کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

سابق انگلش کپتان ناصر حسین نے کہا کہ اگر آپ بابر اور رضوان کو مسئلہ سمجھتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ نے گزشتہ دو سال سے کرکٹ نہیں دیکھی۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ‘بابر اعظم کی واپسی’ کے الفاظ تحریر کرتے ہوئے کپتان کی ایک تصویر شیئر کی جس میں انہیں دوسروں کو خاموش کراتے دیکھا جا سکتا ہے۔

شاداب خان نے لکھا کہ یاد رکھیں کہ کنگ ہمیشہ کنگ ہی ہوتا ہے اور بابر اعظم کنگ ہے، دنیا بہت جلد بھول جاتی ہے جبکہ رضواب بھائی جیسا فائٹر میں نے نہیں دیکھا، ہم ہاریں گے بھی، جیتیں گے بھی، یہ سب کھیل کا حصہ ہے، یہ ہے ہمارا پاکستان، ہماری ٹیم۔

افتخار احمد نے بھی دونوں اوپننگ بلے بازوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کلاس مستقل ہوتی ہے، بابر اعظم نے سنچری اسکور کی اور رضوان ہمیشہ سے قابل اعتبار رہے ہیں، اللہ جوڑی سلامت رکھے۔

حارث رؤف نے بابر اور رضوان کی تصویر شیئر کی ناقدین کے تبصروں کا کشور کمار کے مشہور گانے کے ذریعے طنزاً جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’کچھ تو لوگ کہیں گے، لوگوں کا کام ہے، چھوڑو بیکار کی باتیں میں کہیں بیت نہ جائیں رینا۔

محمد نواز، شاہنواز دھانی، نسیم شاہ اور حسن علی نے بھی عمدہ پرفارمنس پر دونوں کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران انگلینڈ کے قائم مقام کپتان معین علی سے بھی ان دونوں کھلاڑیوں کے اسٹرائیک ریٹ کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ مجھے تو بابر اور رضوان کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں لگتا، میڈیا ان دونوں کھلاڑیوں پر بے جا دباؤ ڈالتا ہے حالانکہ یہ دونوں گزشتہ دو تین سالوں سے دنیا کی بہترین جوڑی ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین بھی تبصروں میں کسی سے پیچھے نہ رہے اور دونوں کھلاڑیوں کو سراہنے کے ساتھ ساتھ اپنی دلچسپ آرا سے آگاہ کیا۔

سر نامی صارف نے لکھا کہ وہی بابر، وہی رضوان، یہ سب تو ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی کے آنے کی برکتیں ہیں۔

واضح رہے کہ ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں۔

بنٹی نامی صارف نے لکھا کہ دو شہر بننے چاہئیں، ایک بابر آباد، دوسرا رضوان نگر۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ جب یہ دونوں مسکراتے ہیں تو پورا پاکستان مسکراتا ہے۔

اس دوران کچھ صارفین ان دونوں اوپنرز کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو نہ بخشا اور دلچسپ میمز شیئر کیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹی20 میچ آج کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024