’مولا جٹ‘ کے ٹکٹس مہنگے فروخت کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا، سینما مالکان
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے دو بڑے سینما ہاؤسز نے انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی میگا بجٹ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے ٹکٹس مہنگے فروخت کرنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا گیا، جس وجہ سے انہوں نے فلم کو نہیں دکھایا۔
’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو 13 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا، یہ پہلی پاکستانی فلم ہے جو اپنے ملک کے مقابلے بیرون ممالک کے اسکرینز پر زیادہ دکھائی جا رہی ہے۔
فلم کی ٹیم نے انسٹاگرام پر بیرون ممالک کی اسکرینز کی فہرست دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسے یورپ، امریکا، مشرق وسطیٰ اور ایشیا کی 400 سے زائد سینما اسکرینز پر دکھایا جا رہا ہے لیکن بدقسمتی سے اسے پاکستان میں انتہائی کم اسکرینز پر دکھایا جا رہا ہے۔
کراچی جیسے بڑے شہر میں ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو چند سینما کی محدود اسکرینز پر دکھایا جا رہا ہے اور اسے نیو پلیکس اور ارینا جیسے سینماؤں میں بھی نہیں دکھایا جا رہا، کیوں کہ مذکورہ سینما مالکان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں فلم کے ٹکٹس مہنگے کرنے کے لے دباؤ ڈالا گیا۔
نیو پلیکس سینما کی انتظامیہ نے انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ فلم کے ڈسٹری بیوٹر ندیم مانڈی والا نے انہیں فلم کے ٹکٹ مہنگے فروخت کرنے کا کہا اور ان پر ایسی شرائط رکھیں جو کہ فلم کی نمائش کی پالیسی کے خلاف تھیں۔
نیو پلیکس منتظمین کے مطابق انہوں نے ہمیشہ پاکستانی فلموں کی نمائش کے لیے آسانیاں رکھی ہیں، جس وجہ سے ان کے سینما نے ریکارڈ کمائی بھی کی اور اب بھی وہ ہر پاکستانی فلم کو آسان شرائط پر دکھانے کے لیے تیار ہیں مگر وہ مہنگے ٹکٹس فروخت نہیں کر سکتے۔
یہ بھی پڑھیں: انتظار ختم، ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ریلیز
سینما انتطامیہ کے مطابق حالیہ معاشی مسائل کی وجہ سے مہنگے ٹکٹس فروخت کرنا نامناسب ہے اور یہ سینما انڈسٹری کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔
اسی طرح ایرینا سینما کی جانب سے بھی انسٹاگرام پوسٹ میں انکشاف کیا گیا کہ انہیں بھی فلم کے ٹکٹس مہنگے فروخت کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا مگر انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کیا لیکن اب جلد ہی ان کے سینما پر ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو دکھایا جانے لگے گا۔
دوسری جانب فلم کے ڈسٹری بیوٹر ندیم مانڈی والا نے بتایا کہ اس معاملے پر کچھ دن میں باضابط پریس کانفرنس کریں گے۔
مزید پڑھیں: دعا ہے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 200 کروڑ روپے کمائے، مصطفیٰ قریشی
اس سے قبل انہوں نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے ابتدائی دنوں کے ٹکٹس 100 سے 200 روپے زائد قیمت پر فروخت کیے گئے۔
’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ٹکٹ 950 سے 1300 روپے تک فروخت ہو رہی ہے اور عام طور پر پاکستان میں فلموں کا ٹکٹ 800 روپے تک کا ہوتا ہے۔
رپورٹس ہیں کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو 60 کروڑ روپے کے بجٹ سے تیار کیا گیا تھا اور فلم نے پہلے ہی ہفتے دنیا بھر سے 50 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرلی تھی۔