ٹی20 ورلڈ کپ: سری لنکا نے متحدہ عرب امارات کو 79 رنز سے شکست دے دی
ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے متحدہ عرب امارات کو باآسانی 79 رنز سے شکست دے دی۔
آسٹریلیا کے شہر گیلونگ میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور باؤلرز نے چھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
سری لنکا کے اوپنرز پاتھم نسانکا اور کوشل مینڈس نے ابتدائی 4 اوورز میں 42 رنز کا معقول آغاز فراہم کیا تاہم مینڈس 18 رنز بنا کر آریان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ: افتتاحی میچ میں نمیبیا نے سری لنکا کو 'اپ سیٹ' شکست دے دی
نسانکا اور دھنانجیا ڈی سلوا نے دوسری وکٹ پر اسکور 92 رنز تک پہنچایا۔
ڈھنانجیا ڈی سلوا 21 گیندوں پر 33 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، اس کے بھنوکا راجاپکسا نے اسکور 117 رنز پہنچانے کے لیے نسانکا کا ساتھ دیا، جس میں ان کا حصہ صرف 5 رنز تھا۔
پاتھم نسانکا نے اس دوران اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔
متحدہ عرب امارات کے کارتھک میاپن نے بھنوکا راجاپکسا کو آؤٹ کرنے کے بعد مزید دو بلے بازوں کو مسلسل آؤٹ کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
میاپن کی ہیٹ ٹرک کے نتیجے میں میچ کا نقشہ بدل گیا اور سری لنکا کی ٹیم شدید کا دباؤ کا شکار ہوئی اور 120 رنز کر 6 بلے باز پویلین لوٹ گئے۔
چمیکا کرونارتنے نے پاتھم نسانکا کا 150 رنز تک ساتھ دیا اور آخری اوور میں دونوں بلے باز آؤٹ ہوگئے۔
پاتھم نسانکا نے 60 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا کی ٹیم ایک اچھے آغاز کے باوجود ایک غیرمعروف ٹیم کے خلاف مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 152 رنز بناسکی۔
متحدہ عرب امارات کے میاپن نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، ظہور خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کردیا۔
ہدف کے تعاقب میں متحدہ عرب امارات کو شروع میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب دشمنتھا چمیرا نے تیسرے اوور میں 15 کے اسکور پر محمد وسیم کی وکٹیں اڑا دیں۔
چراغ سوری نے 14 رنز بنا کر ٹیم کو آگے بڑھانے کی کوشش بھی جلد دم توڑ گئی جبکہ دوسرے اینڈ سے کپتان چندانگاپوئیل رضوان اور آریان لیکرا ایک،ایک رن بنا کر پویلین لوٹے۔
متحدہ عرب امارات کی 4 وکٹیں 21 رنز پر گر چکی تھیں تو 30 کے اسکور پر باسل حمید بھی 2 رنز بنا کر شناکا کی وکٹ بنے، وریتیا ارویند 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آیان افضل خان اور جنید صدیقی بالترتیب 19 اور 18 رنز بنا کر متحدہ عرب امارات کے نمایاں بلے باز رہے۔
سری لنکا کے باؤلرز کی تباہ کن کارکردگی کے سامنے متحدہ عرب امارات کی ٹیم 73 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
وانیندو ہسارنگا ڈی سلوا نے 8 رنز اور دشمنتھا چمیرا نے 15 رنز دے کر 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا نے میچ 79 رنز سے جیت لیا، ذمہ دارانہ بیٹنگ پر پاتھم شناکا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
خیال رہے کہ پہلے میچ میں نمیبیا نے سری لنکا کو اپ سیٹ شکست دے دی تھی۔
پہلے میچ میں نمیبیا نے سری لنکا کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن سری لنکا کی پوری ٹیم 108 رنز پر آؤٹ ہو کر میچ 55 رنز سے ہار گئی تھی۔