• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

بابر اعظم مڈل آرڈر کی پرفارمنس سے مطمئن، ورلڈکپ میں عمدہ کارکردگی کیلئے پرامید

شائع October 20, 2022
قومی ٹیم ورلڈ کپ میں افتتاحی میچ کھیلنے کے لیے میلبرن پہنچ گئی ہے — فوٹو بشکریہ پی سی بی
قومی ٹیم ورلڈ کپ میں افتتاحی میچ کھیلنے کے لیے میلبرن پہنچ گئی ہے — فوٹو بشکریہ پی سی بی

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے مڈل آرڈر بیٹنگ لائن کی حالیہ پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹی20 ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق پاکستان کی ٹیم کو ایک عرصے سے مڈل آرڈر بیٹنگ لائن کی مسلسل ناکامی جیسے مسائل درپیش ہیں لیکن نیوزی لینڈ میں کھیلی گئی سہ ملکی سیریز کے آخری میچوں میں مڈل آرڈر بلے بازوں نے قدرے ذمے داری کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت پاکستان کی ٹیم سہ ملکی سیریز جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈکپ: نیدرلینڈز کو ہرا کر سری لنکا سپر 12 مرحلے میں پہنچ گیا

فخر زمان کی غیر موجودگی میں حیدر علی، افتخار احمد اور محمد نواز نے ذمے دارانہ کھیل پیش کیا تھا اور پاکستان نے سیریز کے فائنل میں میزبان نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں اتوار کو بھارت کے خلاف میچ سے اپنی مہم کا آغاز کرنے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہماری مڈل آرڈر نے گزشتہ دو میچوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جب ورلڈ کپ سے قبل کھلاڑی اس طرح کی کارکردگی دکھاتے ہیں تو اس سے ٹیم کو بہت اعتماد ملتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے پورا اعتماد ہے کہ ٹیم عالمی ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، یہ ہمارے لیے نیک شگون ہے۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل بیٹنگ کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کو باؤلنگ میں بھی تقویت ملی ہے اور شاہین شاہ آفریدی بھی فٹ ہوکر اسکواڈ میں شامل ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے خلاف میچ بڑا ہے لیکن ہر ٹیم پر توجہ دینی ہوگی، بھارتی کپتان

بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے پاس فاسٹ باؤلرز کی بہتات ہے اور بہت مضبوط فاسٹ باؤلنگ اٹیک ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کی واپسی سے ہمارا باؤلنگ اٹیک مزید مضبوط ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہین کی نئی اور پرانی گیند دونوں سے پرفارمنس میں نمایاں بہتری آئی ہے اور یہ ایونٹ ہمارے باؤلرز کے لیے بطور یونٹ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا نادر موقع ہے۔

بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ روایتی حریف کے خلاف میچ ہمیشہ اہم ہوتا ہے، شائقین بھی اس کے شدت کے منتظر ہوتے ہیں اور ہم بھی میدان میں اپنی 100 فیصد کارکردگی دکھاتے ہوئے میچ سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: جے شاہ کے بیان پر حیرت اور مایوسی ہوئی، منفی اثرات مرتب ہوں گے، پی سی بی

پاکستان اتوار سے بھارت کے خلاف میچ سے ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز کرے گا جبکہ اسے گروپ میں جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کا چیلنج بھی درپیش ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024