• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

سی پیک کی بحالی کا عزم لیے وزیراعظم پہلے سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے

شائع November 1, 2022
شہباز شریف نے اُمید ظاہر کی کہ دورے کے دوران چین کے ساتھ تجارت کو بھی بڑھایا جائے گا— فوٹو: اے پی پی
شہباز شریف نے اُمید ظاہر کی کہ دورے کے دوران چین کے ساتھ تجارت کو بھی بڑھایا جائے گا— فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے، انہوں نے پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کی بحالی کے حوالے سے عزم کا اعادہ کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے۔

ٹوئٹ کے مطابق بیجنگ ایئرپورٹ پر وزیرِ اعظم کا اعلی چینی حکام کی طرف سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کے دورہ چین سے قبل سی پیک کے تین اہم منصوبوں کی منظوری

رواں سال اپریل میں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا یہ چین کا پہلا سرکاری دورہ ہے جہاں وہ چینی ہم منصب لی کی چیانگ کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے روانہ ہونے سے پہلے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے ان پہلے رہنماؤں میں سے ایک ہوں گے جنہیں چین کی کمیونسٹ پارٹی کی تاریخی 20ویں قومی کانگریس کے بعد مدعو کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب جہاں عالمی دنیا کئی مسائل اور چیلنجز کا شکار ہے وہیں پاکستان اور چین کے تعلقات ہر گزرتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ دورے کے دوران وہ چینی رہنماؤں سے پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی تجدید سمیت کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ سماجی اقتصادی ترقی کا نیا دور ہے جو دونوں ملکوں کے شہریوں کی زندگیوں بہتر کرنے میں مدد دے گا، ہمیں چینی اقتصادی پالیسی سے ابھی بہت کچھ سیکھنا ہے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ وزیر اعظم شہباز شریف چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے اور اپنے ہم منصب کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدر سے ملاقات، سی پیک منصوبوں پر اپنے عزم کا اعادہ

وزیراعظم کے چین کے پہلے سرکاری دورے میں دوطرفہ ایجنڈے کے تحت معاہدے طے کیے جائیں گے اور 27 اکتوبر کو ہونے والے سی پیک جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے گیارہویں اجلاس کے موقع پر سی پیک کی تجدید اور استحکام پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے اُمید ظاہر کی کہ دورے کے دوران چین کے ساتھ تجارت کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے پاک ۔ چین تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے استعمال کے ساتھ چین کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی امید ظاہر کی ہے۔

چین کے اخبار ’گلوبل ٹائمز‘ میں شائع مقالے میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، چین کے لیے کارخانوں اور صنعتی اور سپلائی چین نیٹ ورک کے وسیع طرز عمل کے تحت کام کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک زراعت اور کھیتی باڑی کو فروغ، پانی کے مؤثر استعمال، ہائبرڈ بیجوں اورپیداوای فصلوں کی ترقی کے لیے دوطرفہ تعاون کو تیز کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف یکم نومبر کو چین کا پہلا سرکاری دورہ کریں گے

شہباز شریف نے کہا کہ چین کے ساتھ تعاون سے دونوں ممالک میں غذائی تحفظ سے متعلق خدشات کو دور کرنے کے لیے اہمیت اختیار کرلی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی پیک کا اگلا مرحلہ صنعت، توانائی، زراعت، آئی سی ٹی، ریل اور روڈ نیٹ ورک، گوادر بندرگاہ کو تجارت اور ترسیل، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطوں کی ترقی جیسے اہم شعبوں کو شامل کرے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا مجموعی مقصد پاکستان کی جامع اور پائیدار ترقی، سماجی اقتصادی ترقی اور لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے سی پیک کی صلاحیت کو مزید بڑھانا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024