عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ، شوبز شخصیات کا اظہار مذمت
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے نکلنے والے لانگ مارچ کے قافلے پر گوجرانوالہ کے قریب وزیر آباد کے مقام پر فائرنگ کے واقعے کی دیگر افراد کی طرح شوبز شخصیات نے بھی مذمت کی ہے۔
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے قافلے پر وزیر آباد کے مقام پر فائرنگ کی گئی تھی، فائرنگ کا واقعہ عمران خان کے کنٹینر پر پیش آٰیا تھا، جس سے سابق وزیر اعظم اعظم سمیت دیگر افراد بھی زخمی ہوئے تھے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو ٹانگ میں گولی لگی تھی جب کہ سینیٹر فیصل سمیت دیگر اعلیٰ رہنما بھی فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد قافلے کو کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا تھا۔
کنٹینر پر فائرنگ کرنے والے شخص کو مارچ کے سیکیورٹی اہلکاروں نے گرفتار کرلیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر آباد: لانگ مارچ کے دوران کنٹینر کے قریب فائرنگ سے عمران خان زخمی
عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعے کی وزیر اعظم اور صدر مملک سمیت حکومتی وزرا اور اہم سیاسی شخصیات کے علاوہ سماجی افراد اور شوبز شخصیات نے بھی مذمت کی۔
دیگر شخصیات کی طرح شوبز کی شخصیات نے بھی عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور پی ٹی آئی چیئرمین کو زیادہ نقصان نہ پہنچنے پر شکرانے بھی ادا کیے۔
سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے فائرنگ کے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
سینیئر اداکار شان شاہد نے عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی سلامتی کے لیے دعا کی اور ساتھ ہی لکھا کہ خدا ان کا مددگار ہوگا۔
اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے عمران خان اور فیصل جاوید خان سمیت دیگر کی سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اس طرح کے واقعات ملک کو انارکی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
اداکار وینا ملک نے بھی فائرنگ کے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ ’خان کے لوگوں نے خان کو گھیر کر خان کی جان بچائی، یہ گولیاں خان پر نہیں 22 کروڑ عوام کے دل پر چلی ہیں‘۔
ماڈل، اداکار، آرٹسٹ ڈیزائنر فریحہ الطاف نے بھی کنٹینر پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے عمران خان کو قتل کرنے کی کوشش قرار دیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ عمران خان کے قافلے پر فائرنگ کا واقعہ افسوس ناک ہے، اس سے ملک میں خوف بڑھ رہا ہے، ساتھ ہی انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
اداکار و میزبان فخر عالم نے بھی فائرنگ کے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے ملک کی حفاظت اور سلامتی کے لیے بھی دعا کی۔
اداکار و گلوکار علی ظفر نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں آج بھی بے نظیر بھٹو کے قتل کے بعد پھوٹ پڑنے والے ہنگامے اور تشدد یاد ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ہمارا ملک اسی طرح کے دوسرے کسی واقعے کا متحمل نہیں ہوسکتا، ملک کو عمران خان کی ضرورت ہے، ان پر تین سے چار گولیاں چلائی گئیں، ساتھ ہی انہوں نے ان کی صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
ماڈل و ٹک ٹاکر اقصیٰ کینجھر جمالی نے بھی سابق وزیر اعظم کے کنٹینر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔
ان کی طرح گلوکار ہارون شاہد نے بھی عمران خان کے کنٹینر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ بہت ہوگیا۔
ساتھ ہی انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں سوال کیا کہ کیا فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا؟
موسیقار روحیل حیات نے بھی عمران خان کے محفوظ رہنے پر خدا کے شکرانے ادا کیے اور ساتھ ہی لکھا کہ یہ اچھا نہیں ہوا۔
روحیل حیات نے دعا کی خدا آگے بھی ایسے ہی خیریت برقرار رکھے۔
اداکار ارسلان نصیر نے واقعے کو عمران خان کو قتل کرنے کی سازش اور کوشش قرار دیتے ہوئے لکھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین فائرنگ کے دوران زخمی ہوگئے۔
انہوں نے سابق وزیر اعظم سمیت فائرنگ سے زخمی ہونے والے دیگر افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
اداکارہ ارمینہ خان نے واقعے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فائرنگ کرنے والے افراد کو بے وقوف بھی قرار دیا۔