• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

روس سے تیل کی خریداری کے معاملے پر گفتگو جاری ہے، ترجمان دفترخارجہ

شائع November 17, 2022
ترجمان دفترخارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ روس سے تیل خریداری کے لیے بات چیت جاری ہے—فوٹو: ڈان نیوز
ترجمان دفترخارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ روس سے تیل خریداری کے لیے بات چیت جاری ہے—فوٹو: ڈان نیوز

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ خام تیل کی خریداری کے معاملے پر روس کے ساتھ گفتگو جاری ہے۔

اسلام آباد میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 6 سے 8 نومبر تک کوپ 27 کانفرنس میں شرکت کی اور وہاں ناروے اور مصر کے وزرائے اعظم کے ہمراہ ماحولیاتی تبدیلی پر گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت کی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کے لیے پاکستان کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز اور کوششوں پر بھی بات کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل سمیت متعدد راہنماؤں سے ملاقات کی۔

ایک سوال پر ترجمان نے بتایا کہ خام تیل کی خریداری کے معاملے پر روس کے ساتھ گفتگو جاری ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 9 سے 10 نومبر تک سعودی عرب کا دورہ کیا اور انہوں نے سعودی ۔ پاکستان سپریم کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی اور خلیج تعاون کونسل کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان بات چیت کی بحالی پر بھی اتفاق رائے کیا گیا۔

ترجمان نے غیر ملکی شخصیات کے دوروں سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کی کمشنر برائے داخلہ یلوا جانسن نے دورہ پاکستان میں وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات کی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے سے متعلق سوالات پر کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورے کے بارے میں دفتر خارجہ نے اعلان نہیں کیا تھا، تاہم سعودی عرب کے ساتھ مل کر دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دورہ متوقع ہے اور سعودی ولی عہد جلد ہی پاکستان کے دورے پر آئیں گے اور دونوں ممالک اہم معاہدوں پر دستخط کریں گے۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ کینیا میں ہمارے ہائی کمیشن نے ارشد شریف کی شناخت، پوسٹ مارٹم اور جسد خاکی واپس لانے میں فعال کردار ادا کیا اور دفتر خارجہ نے بھی بھرپور مدد فراہم کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کے قتل پر تحقیقات سے وزارت داخلہ ہی آگاہ کر سکتی ہے۔

بھارت کے ساتھ معاملات پر انہوں نے کہا کہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ بات چیت کے لیے بھارت 5 اگست 2019 کے اقدامات واپس لے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے مسئلے کو تمام عالمی فورمز پر اجاگر کرتا رہے گا، پاکستان مسئلہ کشمیر صرف اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل پر یقین رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ایک غیر جانب دار استصواب رائے میں ہے، پاکستان 75 برس سے کشمیریوں کا بھارتی ریاستی جبر کے مقابلے میں ساتھ دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی براہموس میزائل کے غلطی سے داغے جانے سے کوئی بڑا سانحہ بھی جنم لے سکتا تھا، ہم اس معاملے کو ہر اہم فورم پر اجاگر کرتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کیس کے حوالے سے ابھی تک مزید کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ افریقہ ایک اہم براعظم ہے اور پاکستان افریقہ کے ساتھ اپنے رابطے جاری رکھے گا، ماحولیاتی تبدیلیوں پر ہم نے اپنا مؤقف انتہائی مؤثر انداز میں کوپ 27، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور دیگر فورم پر پیش کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں پر پاکستان کے مؤقف کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔

انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ توشہ خانہ ریفرنس کے حوالے سے سارا طریقہ کار کابینہ ڈویژن ہی طے کرتا ہے، سابق وزیر اعظم کی گھڑی کے معاملے پر کسی شکایت کے حوالے سے آگاہ نہیں ہیں۔

ایک سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کسی بھی صورت حال میں پاکستان میں دہشت گردی کی دوبارہ بحالی کی اجازت نہیں دے گا، پاکستان خود دہشت گردی سے متاثرہ ملک رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جارجیا میں اسرائیلی شہری کے قتل کی سازش میں پاکستانی شہری کی گرفتاری کی خبریں دیکھی ہیں۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی، تعمیرنو کے لیے ڈونرز کانفرنس جینیوا میں متوقع ہے اور اس حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024