• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

پی ٹی آئی لانگ مارچ کی نگرانی کیلئے راولپنڈی میں کنٹرول سینٹر قائم

شائع November 19, 2022
—فائل فوٹو : فواد احمد
—فائل فوٹو : فواد احمد

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی اور متعلقہ اداروں سے رابطے برقرار رکھنے کے لیے راولپنڈی میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم جبکہ عمارتوں کی چھتوں پر 100 سے زائد اسنائپرز تعینات کردیے گئے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہیڈ کوارٹر نگرانی کے لیے 24 گھنٹے کنٹرول سینٹر میں موجود رہیں گے، سخت حفاظتی انتظامات کے تحت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر رہنماؤں کو لے جانے والے کنٹینر کے گرد 2500 سے زائد پولیس اہلکاروں کو وقف کیا گیا ہے۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ کنٹرول سینٹر میں سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون کیمروں سے حاصل کی گئی ویڈیو فوٹیج کی نگرانی کے لیے ایک افسر کو تعینات کیا گیا ہے، سینٹر کے انچارج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے فوکل پرسنز سے رابطے میں رہیں گے۔

کنٹرول سینٹر سے تمام معلومات علاقائی پولیس افسر (آر پی او)، سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کو پہنچائی جائیں گی۔

سرکاری ہسپتالوں میں تعینات پولیس اہلکار ہائی الرٹ رہیں گے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسپتالوں میں امدادی مراکز فعال رہیں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ڈیوٹی پر موجود تمام اہلکاروں کے لیے آفیشل کارڈز اور شناختی کارڈ ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔

پولیس اسٹیشن اور ہیڈ کوارٹر کی سطح پر ویڈیوز کی فلم بندی کو لازمی قرار دیا جائے گا، سفید کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی نگرانی کریں گے۔

دہشت گردی اور تخریب کاری کے خطرے کے پیش نظر راولپنڈی پولیس کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

لانگ مارچ کے دوران عمران خان اور دیگر رہنماؤں کے کنٹینر پر ایلیٹ کمانڈوز اور اسنائپرز تعینات ہوں گے اور 3 حفاظتی باڑیں بھی لگائی جائیں گی۔

ترجمان پولیس نے کہا کہ سیکیورٹی کلیئرنس کے بغیر کسی بھی شخص کو مرکزی کنٹینر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

دوسری جانب سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید شہزاد ندیم بخاری نے ڈپٹی کمشنر ریٹائرڈ کیپٹن شعیب علی، ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض خان، ایس پی (صدر) محمد نبیل کھوکھر اور ایس پی سیکیورٹی فیصل سلیم کے ہمراہ گوجر خان کا دورہ کیا۔

سی پی او نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔

پی ٹی آئی کے انتظامات مکمل

پی ٹی آئی اسلام آباد اور پی ٹی آئی راولپنڈی نے آج روات میں پارٹی کے لانگ مارچ کے شرکا کے استقبال کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

صدر پی ٹی آئی اسلام آباد علی اعوان کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام یونین کونسل پارٹی ورکرز اور حمایتی روات میں لانگ مارچ کرنے والوں کا استقبال کریں گے۔

آج اسلام آباد ریجن کی تمام یونین کونسلز سے کارکنوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کی بڑی تعداد ریلیوں کی شکل میں روات پہنچیں گے اور وزیر آباد سے آنے والے مارچ کے دونوں قافلوں کا پُرتپاک استقبال کریں گے۔

فیصل آباد سے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری جنرل اسد عمر کی قیادت میں قافلہ روات پہنچے گا۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024