• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

بھارتی بلے باز کے ڈومیسٹک ون ڈے میچ میں ایک اوور میں ریکارڈ 7 چھکے

شائع November 28, 2022
بھارتی بلے باز نے ایک اوور میں 42 رنز بنائے—فوٹو: آئی سی سی
بھارتی بلے باز نے ایک اوور میں 42 رنز بنائے—فوٹو: آئی سی سی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے بلے باز رتوراج گایکواڈ نے ڈومیسٹک ون ڈے میچ میں ایک اوور میں نو بال سمیت 7 گیندوں پر 7 چھکے لگا کر ریکارڈ قائم کردیا۔

غیرملکی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی سطح پر ایک ون ڈے اور 9 ٹی20 میچوں میں بھارت کی نمائندگی کرنے والے رتوراج گایکواڈ نے احمد آباد میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے وجے ہزارے ٹرافی کے کوارٹر فائنل میں ایک اوور میں 7 چھکوں کا ریکارڈ بنایا۔

رتوراج گایکواڈ نے اترپردیش کے خلاف میچ میں مہاراشٹرا کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک اوور میں مجموعی طور پر 42 رنز بٹورے اور لسٹ اے کیٹیگری میچ میں ایک اوور میں سب سے زیادہ چھکے مارنے والے پہلے بلے باز بن گئے۔

خیال رہے کہ لسٹ اے کے ریکارڈ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز نیوزی لینڈ کے لی جیرمون کے پاس ہے، جنہوں نے کئی وائیڈ اور نو بال پر مشتمل غیر معمولی اوور میں 8 چھکوں کی مدد سے 77 رنز حاصل کیے تھے۔

نیوزی لینڈ کے بلے باز نے یہ ریکارڈ 1990 میں کھیلی گئی شیل ٹرافی کے ایک میچ میں کینٹربری کی نمائندگی کرتے ہوئے بنایا تھا جہاں رپورٹ کے مطابق ویلنگٹن کی ٹیم نے جان بوجھ کر اتنے زیادہ رنز دیے تھے۔

آئی سی سی کی رپورٹ کے مطابق فرسٹ کلاس میچ کا یہ اوور 17 نو بالز پر مشتمل تھا۔

بھارت کے 25 سالہ رتوراج گایکواڈ نے ناقابل شکست 220 رنز بنائے اور ٹیم نے مجموعی طور پر 5 وکٹوں پر 330 کا اسکور بنایا۔

مہاراشٹرا کے باؤلر لیفٹ آرم اسپنر شیوا سنگھ نے اننگز کے 49 ویں اوور میں یہ رنز کھائے۔

یاد رہے کہ رتوراج گایکواڈ نے بھارت کی جانب سے ٹی20 میں ڈیبیو گزشتہ برس کیا تھا، اس سے قبل انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں انہوں نے چنئی سپر کنگز کی جانب سے بطور اوپنر شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

ون ڈے کرکٹ میں اس سے قبل بھارت کی ریاست تامل ناڈو کے کھلاڑی این جگادیسن نے اروناچل پردیش کے خلاف ریکارڈ 277 رنز کی اننگز کھیل کر ایک روزہ کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

ایک روزہ کرکٹ میں کسی بھی بلے باز کی سب سے بڑی اننگز کا اعزاز اس سے قبل انگلینڈ کے الیسٹر براؤن کے پاس تھا جنہوں نے 2002 میں گلیمورگن کے خلاف 268 رنز بنا کر ریکارڈ بنایا تھا۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں صرف 4 بلے باز ایک اوور میں 6 چھکے لگانے کا ریکارڈ بنا چکے ہیں، جن میں جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز، بھارت کے یووراج سنگھ، ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ اور امریکا کے جسکران ملہوترا شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024