• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ملتان ٹیسٹ: تیسرے دن کا کھیل ختم، پاکستان کو جیت کیلئے مزید 157 رنز درکار، 6 وکٹیں باقی

شائع December 11, 2022
— فوٹو: پی سی بی
— فوٹو: پی سی بی

دوسرے ٹیسٹ میچ میں تیسرے روز کے اختتام پر انگلینڈ کے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنالیے، پاکستان کو جیت کے لیے مزید 157 رنز کی ضرورت ہے جبکہ اس کی 6 وکٹیں باقی ہیں۔

ملتان میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور یوں پاکستان کو جیت کے لیے 355 رنز کا ہدف ملا۔

پاکستان نے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پراعتماد آغاز کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے 66 رنز بنائے تھے کہ اوپنر محمد رضوان تجربہ کار فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن کا نشانہ بن گئے، وہ 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

وکٹ کیپر بلے باز کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بابر اعظم کریز پر آئے لیکن زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور صرف ایک رن بنا کر اولی روبنسن کا شکار بن گئے۔

پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر عبد اللہ شفیق تھے جو 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں فاسٹ باؤلر مارک ووڈ نے آؤٹ کیا، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 83 رنز تھا۔

بعد ازاں سعود شکیل اور امام الحق کے درمیان 108 رنز کی شراکت قائم ہوئی، امام الحق 60 کے انفرادی اسکور پر لیچ کو کیچ دے بیٹھے۔

سعود شکیل نے سیریز میں اپنی شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی چوتھی اننگز میں تیسری نصف سنچری اسکور کی۔

تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنا لیے تھے، سعود شکیل 54 اور فہیم اشرف 3 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

اس طرح پاکستان کو جیت کے لیے مزید 157 رنز کی ضرورت ہے جبکہ اس کی 6 وکٹیں باقی ہیں۔

قبل ازیں آج تیسرے روز کھیل کے آغاز پر ہیری بروکس نے سیریز میں زبردست فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری کو سنچری میں بدل دیا، وہ 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں زاہد محمود نے آؤٹ کیا۔

کپتان بین اسٹوکس 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں محمد نواز نے آؤٹ کیا، ان کے علاوہ اولی روبنسن 3، مارک وڈ 6، جیمز اینڈرسن 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

گزشتہ روز کھیل کے اختتام تک مہمان ٹیم نے 5 وکٹوں پر 202 رنز بنا کر مجموعی برتری 281 رنز کرلی تھی جب کہ اس سے قبل پاکستان کی ٹیم بابر اعظم اور سعود شکیل کی نصف سنچریوں کے باوجود 79 رنز کے خسارے کے ساتھ 202 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے دوسری اننگز میں انگلینڈ کے 4 کھلاڑی آؤٹ کرکے ڈیبیو ٹیسٹ میں اپنی 11 وکٹیں مکمل کیں۔

ان کے علاوہ، زاہد محمود نے 3 اور محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آٹ کیا۔

انگلینڈ نے 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان پاکستان کو آخری سیشن میں 74 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد پاکستانی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے، اس سے قبل انگلش ٹیم نے 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024