• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

عالمی برادری مخصوص ممالک میں اقلیتوں کی نسل کشی کے خطرات کا مقابلہ کرے، وزیر خارجہ

شائع December 15, 2022
وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اظہار خیال کر رہے ہیں—فوٹو: ریڈیو پاکستان
وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اظہار خیال کر رہے ہیں—فوٹو: ریڈیو پاکستان

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری پر مخصوص ممالک میں اقلیتوں کے خلاف نسل کشی کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے زور دیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو بین الاقوامی تعلقات میں مساوات اور انصاف بڑھانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا کی توجہ متعدد عالمی خطرات اور چیلنجز بشمول ماحولیاتی تبدیلی، جوہری خطرات، دہشت گردی، مہاجرین اور ہجرت، قحط اور بھوک کے علاوہ میٹاورس کے غلط استعمال سے نمٹنے کی طرف مبذول کرانی چاہیے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹور زرداری نے کہا کہ ہمیں اسلامو فوبیا، نفرت، زینو فوبیا، انتہا پسندی، نسلی اور مذہبی عدم برداشت کے نظریات کا مقابلہ کرنا چاہیے، جو مخصوص ممالک میں اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک، تشدد، اور نسل کشی کے خطرات پیدا کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کثیرالجہتی بنیاد پر اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں لوگوں کے حق خودارادیت، طاقت کا استعمال نہ کرنا، طاقت کے استعمال سے علاقے پر غلبہ حاصل نہ کرنا، ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت اور ان کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پیچیدہ دنیا کو متعدد خطرات اور چیلنجوں کا سامنا ہے، جس میں امن، سلامتی، اقتصادی و سماجی ترقی اور متعدد عالمی چیلنجز شامل ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل، اقتصادی و سماجی کونسل، انسانی حقوق کونسل، بین الاقوامی عدالتِ انصاف اور سیکرٹری جنرل کے سیکرٹریٹ کے تمام اہم اداروں کو بااختیار اور مؤثر طریقے سے استعمال کیا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں عالمی مالیاتی اور اقتصادی طرز حکمرانی کے ڈھانچے میں مساوات اور جمہوریت کو بھی شامل کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو بین الاقوامی تعلقات میں معیار اور انصاف کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔

وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ کشمیر تنازع کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرے اور خطے میں امن کے لیے اپنا وعدہ پورا کرے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024