• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے سیکیورٹی کا منصوبہ تیار

شائع December 16, 2022
کراچی میں 38ہزار اور حیدرآباد میں 24ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی
کراچی میں 38ہزار اور حیدرآباد میں 24ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی

سندھ پولیس نے کراچی اور حیدرآباد میں 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے سیکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے اور پولنگ کے دن سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے 60 ہزار سے زائد اہلکاروں کی ضرورت ہوگی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ بات جمعرات کو کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں سندھ کے انسپکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن کو دی گئی بریفنگ کے دوران بتائی گئی، سندھ سیکریٹریٹ میں اجلاس کی صدارت چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کی۔

اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان، سیکریٹری داخلہ سعید احمد مگنیجو، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو اور دیگر نے شرکت کی۔

حیدرآباد کے کمشنر اور متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

شرکا نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے بیان میں چیف سیکریٹری کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کراچی کے 4 ہزار 995 پولنگ اسٹیشنز اور حیدرآباد کے 3ہزار971 پولنگ اسٹیشنز پر ہوں گے اور کراچی کے 1ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز اور حیدرآباد ڈویژن کے 1ہزار 15 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر کلوز سرکٹ ٹیلی ویژن کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق شفاف، منصفانہ اور محفوظ انتخابات کے لیے امن کا ماحول بنا رہی ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے اجلاس کو اس سلسلے میں کمیشن کی جانب سے کیے گئے انتظامات سے آگاہ کیا۔

آئی جی سندھ نے اجلاس کو بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے، کراچی میں 38ہزار233 اور حیدرآباد میں 24ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

ڈپٹی کمشنرز نے شرکا کو اپنے اپنے اضلاع میں سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ پلان اور پولنگ اسٹیشنوں کی مجموعی صورتحال کے بارے میں علیحدہ علیحدہ بریفنگ دی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024