• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

انجلینا جولی دو دہائیوں بعد اقوام متحدہ کی ذمہ داریوں سے سبکدوش

شائع December 17, 2022
انجلینا جولی دو دہائیوں تک اقوام متحدہ کے ساتھ منسلک رہیں—فوٹو: یو این ایچ سی آر
انجلینا جولی دو دہائیوں تک اقوام متحدہ کے ساتھ منسلک رہیں—فوٹو: یو این ایچ سی آر

ایوارڈ یافتہ ہولی وڈ اداکارہ انجلینا جولی دو دہائیوں تک اقوام متحدہ (یو این) کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ آر) میں خصوصی سفیر برائے خیر سگالی کی ذمہ داریاں نبھانے کے بعد سبکدوش ہوگئیں۔

انجلینا جولی نے ابتدائی طور پر 2001 میں اقوام متحدہ کے ساتھ کام کرنے کا آغاز کیا تھا اور ایک دہائی بعد عالمی ادارے نے انہیں اپنے ذیلی ادارہ برائے مہاجرین کی خصوصی خیر سگالی سفیر مقرر کیا تھا۔

ایوارڈ یافتہ اور شہرہ آفاق اداکارہ نے مجموعی طور پر اقوام متحدہ کے ساتھ 21 سال جب کہ ادارہ برائے مہاجرین کے ساتھ 10 سال تک کام کیا اور وہ 16 دسمبر کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوئیں۔

اسی حوالے سے ’یو این ایچ سی آر‘ اور انجلینا جولی کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں تصدیق کی گئی کہ اب اداکارہ اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام نہیں کریں گی۔

بیان میں اس بات کی بھی تصدیق کی گئی کہ اگرچہ اداکارہ اقوام متحدہ سے الگ ہو رہی ہیں، تاہم وہ باقی زندگی بھی انسانی حقوق کی پامالی اور مہاجرین کی بحالی سمیت ملک بدر کیے گئے افراد کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتی رہیں گی۔

مشترکہ بیان کے مطابق اب سے انجلینا جولی وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف متحرک نظر آئیں گی اور وہ متعدد مقامی فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتی رہیں گی۔

انجلینا جولی کی جانب سے اقوام متحدہ کی خصوصی ذمہ داریوں سے الگ ہونے پر عالمی ادارے نے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں دنیا کی بااثر شخصیت اور آواز بھی قرار دیا۔

اقوام متحدہ نے بتایا کہ خصوصی خیر سگالی سفیر کی حیثیٹ میں انجلینا جولی نے 60 بار دنیا کے مختلف ممالک اور خطوں کے دورے کرکے وہاں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو آنکھوں سے دیکھا اور دنیا کو اس کی روداد سنائی۔

انجلینا جولی نے بھی مشترکہ بیان میں اقوام متحدہ اور ادارہ برائے مہاجرین کی پوری ٹیم کی تعریفیں کیں اور اس بات پر بھی اداروں کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں دنیا کی بہترین ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا موقع دیا گیا۔

انجلینا جولی اقوام متحدہ کی جانب سے 2005 میں پاکستان میں پہلی بار آئی تھیں— فوٹو: یو این سی ایچ آر
انجلینا جولی اقوام متحدہ کی جانب سے 2005 میں پاکستان میں پہلی بار آئی تھیں— فوٹو: یو این سی ایچ آر

علاوہ ازیں انجلینا جولی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بھی اس بات کی تصدیق کی کہ وہ 16 دسمبر سے اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہی ہیں، تاہم وہ مختلف صورتوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مہاجرین کے حقوق کی بحالی کے لیے کام کرتی رہیں گی۔

انجلینا جولی خصوصی سفیر برائے خیر سگالی کی حیثیت میں دو دہائیوں کے دوران تین بار پاکستان بھی آئیں۔

ہولی وڈ اداکارہ پہلی بار اقوام متحدہ کی جانب سے 2005 میں آزاد کشمیر میں آنے والے زلزلے کے بعد پاکستان آئی تھیں، اس کے بعد 2010 کے بعد آنے والے سیلاب کے بعد انہوں نے دوسری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا۔

انجلینا جولی دوسری بار 2010 میں پاکستان آئی تھیں—فوٹو: رائٹرز
انجلینا جولی دوسری بار 2010 میں پاکستان آئی تھیں—فوٹو: رائٹرز

انجلینا جولی اقوام متحدہ کی جانب سے تیسری اور آخری بار ستمبر 2022 میں چند ماہ قبل پاکستان آئیں تھیں اور انہوں نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ صوبہ سندھ اور بلوچستان کے علاقوں کا دورہ کرکے دنیا کو پاکستان میں آنے والی تباہی سے متعلق بھی آگاہ کیا تھا۔

انجلینا جولی تیسری بار چند ماہ قبل ستمبر 2022 میں پاکستان آئی تھیں—فوٹو: صائمہ جاوید، آئی آر سی
انجلینا جولی تیسری بار چند ماہ قبل ستمبر 2022 میں پاکستان آئی تھیں—فوٹو: صائمہ جاوید، آئی آر سی

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024