• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے درمیان تصفیہ ہوگیا

شائع December 20, 2022
اداکارہ نے سابق شوہر کو رقم ادا کرکے معاملات طے کرلیے—فائل فوٹو: رائٹرز/ اے پی
اداکارہ نے سابق شوہر کو رقم ادا کرکے معاملات طے کرلیے—فائل فوٹو: رائٹرز/ اے پی

ہولی وڈ اداکار جونی ڈیپ اور ان کی سابق اہلیہ امبر ہرڈ کے درمیان ہتک عزت کے جرمانے پر تصفیہ ہوگیا اور اداکارہ نے عدالتی احکامات کے برعکس ڈیڑھ کروڑ ڈالر کے بجائے 10 لاکھ ڈالر سابق شوہر کو ادا کر دیے۔

امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ نے ریاست ورجینیا کی عدالت میں ایک دوسرے کے خلاف ہتک عزت کے دعوے دائر کیے تھے۔

عدالت نے طویل سماعت کے بعد جون 2022 میں جونی ڈیپ کے حق میں فیصلہ ہوئے کہا تھا کہ اداکار نے اپنے خلاف تمام شواہد پیش کیے اور ثابت کیا کہ امبر ہرڈ نے ان کی توہین اور بدنامی کی۔

عدالت نے ہتک عزت کے دعوے کے تحت امبر ہرڈ پر ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کیا تھا، جب کہ جونی ڈیپ پر بھی 20 لاکھ تک جرمانہ عائد کیا تھا۔

عدالتی فیصلے کے بعد امبر ہرڈ نے اس کے خلاف نظر ثانی کی درخواست بھی دی تھی، جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا اور بعد ازاں اداکارہ نے کہا تھا کہ ان کے پاس اتنے پیسے ہی نہیں کہ وہ جونی ڈیپ کو ڈیڑھ کروڑ ڈالر جرمانہ ادا کریں۔

جرمانہ ادا کرنے کے معاملے پر دونوں فریقین میں صلح کی کوششیں چند ماہ سے جاری تھیں اور دونوں نے 19 دسمبر کو تصفیے کی تصدیق کی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ امبر ہرڈ نے شوہر سے تصفیہ کرکے انہیں ڈیڑھ کروڑ ڈالر کے بجائے محض 10 لاکھ ڈالر کی رقم ادا کی۔

جونی ڈیپ کے وکلا نے بھی امبر ہرڈ کی جانب سے تصفیے کے تحت ملنے والی 10 لاکھ ڈالر کی رقم کی تصدیق کی۔

جونی ڈیپ کے وکلا نے بتایا کہ اداکار نے امبر ہرڈ کی جانب سے ملنے والی رقم کو تین مختلف فلاحی اداروں میں تقسیم کردیا۔

دوسری جانب امبر ہرڈ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بھی جونی ڈیپ کے ساتھ تصفیے کی تصدیق کی اور لکھا کہ انہوں نے نہ چاہتے ہوئے بھی معاہدہ کیا، کیوں کہ وہ مزید عدالتوں کے چکر لگانا نہیں چاہتیں۔

انہوں نے جونی ڈیپ کے ساتھ تصفیے کو مشکل قرار دیا، تاہم تصدیق کی کہ انہوں نے سابق شوہر سے معاہدہ کرتے ہوئے 6 سال سے جاری جنگ کو ختم کردیا۔

امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے درمیان 2011 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور دونوں نے فروری 2015 میں شادی کی تھی۔

شادی کے 15 ماہ بعد امبر ہرڈ نے مئی 2016 میں جونی ڈیپ پر تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی تھی۔

بعد ازاں امبر ہرڈ نے شوہر پر گھریلو تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف ایک آرٹیکل بھی لکھا تھا، جس پر جونی ڈیپ نے ان کے خلاف بدنام کرنے کا مقدمہ دائر کیا تھا۔

امبر ہیرڈ عمر میں سابق شوہر جونی ڈیپ سے 23 سال چھوٹی ہیں—فائل فوٹو: ہولی وڈ رپورٹر
امبر ہیرڈ عمر میں سابق شوہر جونی ڈیپ سے 23 سال چھوٹی ہیں—فائل فوٹو: ہولی وڈ رپورٹر

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024