• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بے نظیر بھٹو کی 15ویں برسی، گڑھی خدا بخش کی سیکیورٹی کیلئے 8ہزار اہلکار تعینات

شائع December 27, 2022
برسی میں شرکت کے لیے ملک بھر سے قافلے گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں— فوٹو: اے پی پی
برسی میں شرکت کے لیے ملک بھر سے قافلے گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں— فوٹو: اے پی پی

پاکستان پیپلز پارٹی اپنی مقتول چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 15ویں برسی آج گڑھی خدا بخش کے مزار پر منائے گی اور اس دوران سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق لاڑکانہ پولیس کے نے ایک بیان میں کہا کہ گڑھی خدا بخش اور نوڈیرو میں سابق صدر کے کیمپ کی سیکیورٹی کے لیے تقریباً 8ہزار 140 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

تقریباً 30 ایس ایس پی اور آٹھ اے ایس پی تقریب کی نگرانی کے لیے تعینات کیے جائیں گے کیونکہ ضلعی انتظامیہ نے گڑھی خدا بخش میں قائم کنٹرول روم سے عوامی اجتماع کی نگرانی کے لیے 150 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے ہیں۔

عوامی اجتماع کی نگرانی کے لیے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں جہاں پنڈال کو پیپلز پارٹی کے جھنڈوں، بینرز اور پارٹی رہنماؤں کے بڑے بڑے پورٹریٹ سے سجا دیا گیا ہے۔

بھٹو خاندان کے کارکنوں اور مداحوں کے قافلوں کو ٹھہرانے کے لیے خیمے لگائے گئے ہیں جو اس تقریب میں شرکت کے لیے ملک بھر سے آ رہے ہیں۔

دن کا آغاز مزار پر قرآن خوانی سے ہوگا اور پروگرام کے مطابق بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مشاعرہ بھی منعقد کیا جائے گا۔

مرکزی پنڈال کے اطراف میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں۔

لاڑکانہ شہر میں پیپلز پارٹی کے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے جہاں کارکن بینظیر بھٹو کی پرانی ریکارڈ شدہ تقاریر چلا رہے تھے۔

تاہم آمدورفت کے باعث شہر کے مختلف مقامات پر ٹریفک جام ہوگیا۔

پیر کی شام گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے گڑھی خدا بخش کا دورہ کیا اور قبروں پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موہنجوداڑو ایئرپورٹ سے نوڈیرو ہاؤس پہنچے۔

برسی میں آصفہ بھٹو زرداری، اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور دیگر رہنما بھی شرکت کریں گے۔

پیر کو ٹوئٹر پر پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لاڑکانہ پہنچ گئے ہیں، کل ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو ان کی 15ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم آمریت اور انتہا پسندی کے خلاف ان کی جرات مندانہ جدوجہد سے تحریک لیتے ہیں، انہوں نے ہمیں لوگوں کی خدمت کرنا دکھایا اور صرف چند مراعات یافتہ طبقات نہیں بلکہ سب کے لیے پاکستان کے لیے جدوجہد کرنا سکھایا۔

انہوں نے کہا کہ میں اس دن اپنی تقریر میں بے نظیر بھٹو کو یاد کروں گا اور خارجہ امور، اقتصادی صورتحال، دہشت گردی اور دیگر مسائل پر گفتگو کروں گا، میں آپ کو اس دن بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے گڑھی خدا بخش آنے کی دعوت دیتا ہوں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024