• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

مسلم لیگ (ن) کو مضبوط بنانے کیلئے جدید تکنیک اپنائیں گے، مریم نواز

شائع January 5, 2023
مریم نواز نے کہا کہ پارٹی میں جہاں ضرورت ہو گی بہتری لائیں گے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
مریم نواز نے کہا کہ پارٹی میں جہاں ضرورت ہو گی بہتری لائیں گے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کی نومنتخب سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ اپنی پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے جدید تکنیک اپنائیں گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مریم نواز نے پارٹی میں نیا عہدہ سنبھالنے کے بعد کہا کہ ’میں اس مشکل کام کو مؤثر طریقے سے سرانجام دینے کے لیے پورے پاکستان کا دورہ کروں گی اور پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات کروں گی‘۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ہم جدید تکنیک اپنائیں گے اور جہاں ضرورت ہو گی بہتری لائیں گے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کے عوام کی خدمت بہترین طریقے سے جاری رکھ سکے‘۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مریم نواز کو پارٹی کا سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مقرر کر دیا تھا۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر تھے۔

مریم نواز 3 ماہ سے لندن میں مقیم ہیں اور انہوں نے مزید کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کو منظم اور مضبوط کرنے کے لیے پارٹی کے دیگر اراکین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’میں اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہوں کہ صرف مسلم لیگ(ن) ہی پاکستان کو اس کی صلاحیت کے مکمل استعمال اور ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کی اہلیت رکھتی ہے‘۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے ایک رہنما نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کی نئے عہدے پر تعیناتی کو نواز شریف کی جانب سے ’شہباز کیمپ‘ کے لیے ایک واضح پیغام قرار دیا کہ نواز شریف کہ جگہ شہباز شریف نہیں بلکہ مریم نواز سنبھالیں گی اور پارٹی کے امور میں شہباز شریف اور اُن کے بیٹے حمزہ شہباز کا اثرورسوخ آنے والے دنوں میں کم ہوجائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024