• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

وزیراعظم نے ملک گیر انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کردیا

شائع January 15, 2023
وزیر اعظم نے کہا کہ میں انسداد پولیو مہم میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں—فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعظم نے کہا کہ میں انسداد پولیو مہم میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں—فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم شہباز شریف نے رواں برس کی پہلی ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مشترکہ کاوشوں سے اس وبا پر جلد مکمل طور پر قابو پالیا جائے گا۔

اسلام آباد میں انسداد پولیو مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اب بھی دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو کے کیسز موجود ہیں، چند برس قطل وہ وقت بھی آیا تھا جب نواز شریف کے دورِ حکومت میں پاکستان میں پولیو کا مکمل خاتمہ ہوچکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران وزیرستان میں پولیو کے 20 کیسز سامنے آچکے ہیں، تاہم یہ وبا پھیلی نہیں اور اس کو وہیں تک محدود کرلیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں اس مہم میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر اس عظیم مقصد کے لیے قربانیاں دیں، تاریخ میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ تمام صوبائی حکومتیں وفاقی حکومتوں کے ساتھ مل کر پوری تندہی سے اس وبا کا مقابلہ کرکے ہمیشہ کے لیے دفن کردیں گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دوبارہ پولیو کیسز سامنے آنے پر یقیناً پورے پاکستان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، انسداد پولیو مہم میں ہمارے ساتھ بل گیٹس فاؤنڈیشن، عالمی ادارہ صحت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز تعاون کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’چند روز قبل میری بل گیٹس سے بات ہوئی تھی اور وہ انسداد پولیو مہم میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے لیے پُرعزم ہیں، میں عالمی اداروں سمیت ہمارے ہیلتھ ورکز کا شکر گزار ہوں جو پوری تندہی کے ساتھ اپنے فرض کی ادائیگی کررہے ہیں‘۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ کرے آپ کے کاوشوں سے پولیو کی وبا ہمیشہ کے لیے اس ملک سے چلی جائے اور دوبارہ کبھی اس کو واپس آنے کی ہمت نہ ہو۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزارت صحت، صوبائی حکومتیں، تمام اسٹیک ہولڈرز اور افواج پاکستان کی مشترکہ کاوشوں سے ہم ان شا اللہ پوری طرح اور بہت جلد پولیو پر قابو پالیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024