• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مسلسل تیسرے مہینے کمی

شائع January 18, 2023
— فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
— فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

پاکستان کی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مسلسل تیسرے مہینے کمی ریکارڈ کی گئی، نومبر 2022 میں پچھلے سال کے مقابلے میں 5.49 فیصد کمی ہوئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مال سال میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مسلسل تیسرے مہینے تنزلی ہوئی، جس سے خاص طور پر ٹیکسٹائل سیکٹر میں ملازمتیں ختم ہونے کے حوالے سے خدشات جنم لے رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ صنعتی پیداوار میں کمی اس جانب اشارہ ہے کہ اگلی سہ ماہی میں معاشی شرح نمو میں مزید کمی ہوسکتی ہے، صنعتوں کو سردیوں میں گیس کی فراہمی معطل ہونے کی وجہ سے بھی دوسری سہ ماہی کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اکتوبر 2022 میں 7.7 فیصد اور ستمبر 2022 میں 2.27 فیصد کی منفی نمو ریکارڈ کی گئی جبکہ جولائی میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 1.67 فیصد کمی کے بعد اگست 2022 میں 0.30 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا تھا۔

رواں مالی سال میں جولائی سے نومبر کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 3.58 فیصد کمی ہوئی تھی تاہم اکتوبر 2022 کے مقابلے میں پیداوار میں 3.55 فیصد کا اضافہ ہوا۔

خام مال اور توانائی کی ریکارڈ قیمتوں کی وجہ سے ماہرین معاشی سرگرمیوں میں سست روی کے خدشات کا اظہار کر رہے ہیں، مزید براں برآمدی صنعتیں پہلے ہی توانائی اور دیگر خام مال کی لاگت میں اضافے سے پیداوار میں کمی کا اشارہ دے رہی ہیں، 15 شعبوں کی پیداوار میں کمی ہوئی اور صرف 7 شعبوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سست روی کا آغاز جون میں ہو گیا تھا جب مینوفیکچرنگ میں پچھلے مہینے کے مقابلے میں صرف 0.20 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔

گزشتہ برس سالانہ بنیادوں پر بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 11.7 فیصد کا اضافہ ہوا تھا، بڑی صنعتوں کے لیے پیداوار کا تخمینہ سال 16-2015 کے نئے بنیادی سال کا استعمال کرتے ہوئے لگایا گیا۔

مالی سال 22-2021 کے دوارن بڑی صنعتوں کا مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں 9.2 فیصد کا حصہ تھا جبکہ مجموعی صنعتی شعبے میں اس کا حصہ 74.3 فیصد ہے، اس کے علاوہ چھوٹی صنعتیں 15.9 فیصد یا جی ڈی پی میں 2 فیصد حصہ ڈالتی ہیں۔

نومبر 2022 میں ٹیکسٹائل سیکٹر میں پچھلے سال کے مقابلے میں 22.04 فیصد کمی ہوئی، یارن کی منفی نمو 27.98 فیصد، کپڑے کی 13.80 فیصد اور کمبلوں کی پیداوار میں 59.11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق اس کے برعکس نومبر کے مہینے میں زیادہ طلب کی وجہ سے گارمنٹس کی پیداوار میں49.70 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔

رپورٹ کے مطابق فوڈ گروپ میں گندم اور چاول کی پیداوار میں 12.65 فیصد اور بناسپتی گھی کی پیداوار میں 5.39 فیصد کمی ہوئی، تاہم خوردنی تیل کی پیداوار میں 11.72 فیصد اور چائے (بلینڈڈ) کی پیداوار میں 0.07 فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق نومبر 2022 کے دوران پیٹرولیم مصنوعات میں 5.26 فیصد کی مثبت نمو دیکھی گئی جس کی وجہ پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار میں اضافہ تھا جبکہ دیگر مصنوعات میں کمی ریکارڈ ہوئی۔

اسی طرح نومبر کے دوران آٹو سیکٹر کی پیدوار میں بھی 18.97 فیصد کمی ہوئی، ڈیزل اور بسوں کے انجن کے علاوہ تقریباً تمام قسم کی گاڑیوں کی پیداوار میں کمی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق پچھلے سال کے مقابلے میں نومبر میں اسٹیل کی پیداوار میں 8.7 فیصد کمی ہوئی، غیر دھاتی معدنی مصنوعات میں 13.07 فیصد اور کیمیکل مصنوعات میں 7.06 فیصد کمی دیکھی گئی، فارماسیوٹیکل مصنوعات میں 8.34 فیصد اور ربر مصنوعات میں 9.30 فیصد کی کمی ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024