• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بھارتی ٹیم ویمنز انڈر19 ٹی20 ورلڈ کپ کی اولین چیمپیئن

شائع January 29, 2023
پہلے ویمنز انڈر19 ٹی20 ورلڈ کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو بشکریہ آئی سی سی
پہلے ویمنز انڈر19 ٹی20 ورلڈ کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو بشکریہ آئی سی سی

بھارتی ویمنز انڈر19 ٹیم نے آئی سی سی کے پہلے ویمنز انڈر19 ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر اولین چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

جنوبی افریقہ کے شہر پوشف اسٹروم میں کھیلے پہلے ویمنز انڈر19 ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔

انگلینڈ کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات سے دوچار رہی اور بھارتی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے بے بس نظر آئی۔

پوری اننگز کے دوران انگلش بلے باز کوئی بھی چھکا نہ مار سکیں اور صرف چار بلے باز ڈبل فیگر میں داخل ہو سکیں۔

انگلینڈ کی پوری ٹیم 18ویں اوورز کی پہلی گیند پر صرف 68 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ریانا میک ڈونلڈ 19 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہیں جبکہ ایلکزا اسٹون ہاؤس اور سوفیا اسمال نے 11، 11 جبکہ نیام ہولینڈ نے 10رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے تیتاس سادھو، ارچنا دیوی اور پرشاوی دیوی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی ویمنز ٹیم بھی 20 رنز پر دو وکٹیں گنوا چکی تھی لیکن اس کے بعد سومیا تیواری اور گونگڑی تریشا نے 46 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچا دیا۔

66 کے مجموعے پر تریشا 24 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں لیکن بھارت نے اس کے بعد بغیر کسی نقصان کے ہدف حاصل کر کے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ویمنز اندر19 ٹی20 ورلڈ کپ کا چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

چار اوورز کے کوٹے میں چھ رنز کےعوض میں دو وکٹیں لینے والی تیتاس سادھو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ٹورنامنٹ میں 293 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 9 وکٹیں لینے والی انگلینڈ کی گریس سروینس کو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024