• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

وزیر اعظم کی امیر قطر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال

شائع March 5, 2023
وزیراعظم شہبازشریف نے دوحہ پہنچنے کے بعد امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی— فوٹو: اے پی پی
وزیراعظم شہبازشریف نے دوحہ پہنچنے کے بعد امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی— فوٹو: اے پی پی
قطر پہنچنے پر وزیراعظم اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا تھا— فوٹو: (ن) لیگ ٹوئٹر
قطر پہنچنے پر وزیراعظم اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا تھا— فوٹو: (ن) لیگ ٹوئٹر

وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ باہمی مفاد کے وسیع تر امور اور دونوں ممالک کے درمیان معیشت و سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں پہلے سے استوار بہترین تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے دوحہ پہنچنے کے بعد امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران قطر کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ سرمایہ کاری، تجارتی اور پاکستان سے ہنرمند افراد کی قطر برآمد کے طریقوں اور ذرائع بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم شہبازشریف امیر قطر کی دعوت پر اقوام متحدہ کے زیراہتمام کم ترقی کرنے والے ممالک کی کانفرنس کے پانچویں اجلاس میں شرکت کے لیے قطر پہنچے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف اور شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے دوطرفہ باہمی مفاد کے وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان پہلے سے استوار بہترین تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر بات چیت کی۔

امیر قطر نے قطر کی ترقی میں پاکستانی محنت کشوں کی کاوشوں بالخصوص قطر کی میزبانی میں فیفاورلڈ کپ 2022 کے کامیاب انعقاد کے موقع پر پاکستانی سیکیورٹی حکام کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔

ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں میں قطر کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر ملاقات کے دوران قطر کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ سرمایہ کاری، تجارتی اور پاکستان سے ہنرمند افراد کی قطر برآمد کے طریقوں اور ذرائع بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

امیر قطر نے وزیراعظم شہبازشریف کو قطر آمد پر خوش آمدید کہا اور پاکستان اور قطر کے درمیان معاشی تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان کی ترقی کے ایجنڈے میں قطر کی طرف سے بھرپور تعاون کے پختہ عزم اور حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے امیر قطر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔

وزیر اعظم کی قطر آمد

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر کی دعوت پر دوحہ میں اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شرکت کے لیے قطر پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں بتایا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف آج 2 روزہ دورے کے لیے قطر پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم دوحہ میں اقوام متحدہ کی ترقی کرتے ممالک کی کانفرنس کے پانچویں اجلاس میں آج شرکت کریں گے۔

مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے اور 6 مارچ کو اجلاس سے خطاب کریں گے۔

قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری میں بتایا گیا تھا کہ امیر قطر کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف 5 سے 6 مارچ کو دوحہ میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام کم ترقی یافتہ ممالک کی پانچویں کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

5 سے 9 مارچ تک منعقد ہونے والی اس کانفرنس کے دوران کم ترقی یافتہ ممالک میں پائیدار ترقی کو تیز کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا جن سے انہیں خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ دوحہ میں کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم شریک رہنماؤں اور وفود کے سربراہان سے دوطرفہ ملاقاتیں اور بات چیت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کہا کہ دوحہ میں کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم شریک رہنماؤں اور وفود کے سربراہان سے دوطرفہ ملاقاتیں اور بات چیت بھی کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق کانفرنس میں قائدین کم ترقی یافتہ ممالک کے حق میں اضافی عالمی امدادی اقدامات اور کارروائی کو تیز کریں گے اور کم ترقی یافتہ ممالک اور ان کے ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان ایک نئی شراکت داری پر اتفاق کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے اجتماعی آواز کو بلند کرنے میں اقوام متحدہ کے پلیٹ فارمز پر قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2022 کے دوران پاکستان نے بطور ’سربراہ گروپ 77 اور چین‘ کی حیثیت سے قطر کی کوششوں کی بھرپور حمایت کی تاکہ ’دوحہ پروگرام آف ایکشن فار دی لیسٹ ڈیولپڈ کنٹریز‘ کو اتفاق رائے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی توثیق کے ساتھ اپنایا جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ’کانفرنس میں وزیر اعظم کی شرکت سماجی ترقی اور معاشی خوشحالی کی جستجو میں کم ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ پاکستان کی حمایت اور یکجہتی کی نشاندہی کرے گی‘۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے 2030 کے ترقیاتی ایجنڈے اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے تعاون کے فریم ورک کے اندر عمل درآمد کے مؤثر ذرائع پر مبنی عالمی شراکت داری کی بحالی کی حمایت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباشریف نے قطر کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر سود مند اقتصادی روابط میں بدلنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمٰن بن فیصل الثانی نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران قطر کے سفیر نے قطر اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے کی جانے والی مختلف سرگرمیوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقدار پر مبنی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور ان مضبوط تعلقات کو باہمی طور پر سود مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کے لیے دونوں اطراف کے باہمی عزم کا ذکر کیا۔

وزیراعظم نے 2022 میں تاریخی سیلاب کے نتیجے میں پاکستانی عوام کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔

قطری سفیر نے برادرانہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور اس سلسلے میں قطر کی جانب سے تعاون کا یقین دلایا۔

واضح رہے کہ قطر تقریباً ڈھائی لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی کرتا ہے جو دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

رواں برس پاکستان اور قطر کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ ہے، دونوں ممالک اس سالگرہ کو بہترین انداز میں منانے کے لیے پرعزم ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024