روسو کی ریکارڈ ساز سنچری، پشاور زلمی کیخلاف ملتان سلطانز 243رنز کے تعاقب میں کامیاب
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے میچ میں ملتان سلطانز نے رائلی روسو کی ریکارڈ ساز سنچری کی بدولت پشاور زلمی کو شکست دے دی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 27ویں میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اوپنرز نے درست ثابت کر دکھایا۔
بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر بابر اعظم اور صائم ایوب نے ایک مرتبہ پھر بہترین انداز میں اننگز کا آغاز کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 134 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا۔
بابر گزشتہ میچ کی نسبت زیادہ پراعتماد نظر آئے اور پہلے ہی اوور سے جارحانہ انداز بنایا جبکہ نوجوان صائم ایوب نے ایک مرتبہ پھر اپنی صلاحیتوں کا بہترین انداز میں مظاہرہ کرتے ہوئے کپتان کا عمدہ سے ساتھ نبھایا اور نصف سنچری اسکور کی۔
سلطانز کو پہلی کامیابی 12ویں اوور میں اس وقت ملی جب صائم ایوب 33 گیندوں پر 58 رنز بنانے کے بعد اسامہ میر کی وکٹ بنے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔
ابھی زلمی اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ کپتان بابر اعظم کی 9 چوکوں اور دو چھکوں سے مزین 736 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔
روومین پاول صرف دو رنز بنا سکے لیکن نوجوان حارث سہیل نے جارحانہ انداز اپنایا اور 11 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 35 رنز کی باری کھیلی لیکن ایک اور چھکا مارنے کی کوشش میں عباس آفریدی کی ریسری وکٹ بن گئے۔
اختتامی اوورز نے ٹام کوہلر کیڈمور نے کچھ جارحانہ ہاتھ دکھاتے ہوئے 18 گیندوں پر 38 رنز بنائے جس کی بدولت پشاور زلمی کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز کا مجموعی اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں لیں۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور 28 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے دونوں اوپنرز محمد رضوان اور شان مسعود پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر رائلی روسو کا ساتھ دینے کیرن پولارڈ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے میچ کا نقشہ بدل دیا اور صرف 43 گیندوں پر 99 رنز کی شراکت قائم کی۔
کیرن پولارڈ 25 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ ٹم ڈیوڈ بھی صرف دو رنز بنانے کے بعد بولڈ ہو گئے۔
تاہم دوسرے اینڈ سے روسو نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور صرف 41 گیندوں پر پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کی سنچری اسکور کر کے اپنا ہی 43 گیندوں پر سنچری کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔
خوشدل بلے بازوں کے لیے جنت تصور کی جانے والی وکت پر بھی جدوجہد کرتے نظر آئے اور 18 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد چلتے بنے جبکہ رائلی روسو بھی 51 گیندوں پر 8 چھکوں اور 12 چوکوں سے مزین 121 رنز باری کھیلی۔
آخری 9 گیندوں پر سلطانز کو فتح کے لیے 16 رنز درکار تھے لیکن اسامہ میر اور انور علی نے مل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا لیا۔
رائلی روسو کو ان کی عمدہ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔