• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

منشا پاشا کا فنکاروں اور کرکٹرز کو ایک دوسرے کا احترام کرنے کا مشورہ

شائع March 15, 2023
منشا پاشا نے لکھا کہ ایک دوسرے کی تضہیک کرنا اور بے قدری کرنا بند کریں: فوٹو: انسٹاگرام
منشا پاشا نے لکھا کہ ایک دوسرے کی تضہیک کرنا اور بے قدری کرنا بند کریں: فوٹو: انسٹاگرام

عام طور پر ٹاک شوز میں سیاست دانوں کو ایک دوسرے کے ساتھ سخت اور نامناسب لہجے میں بات کرتے دیکھا جاتا ہے لیکن حال ہی میں شوبز انڈسٹری میں بھی کچھ ایسے ہی تنازعات سامنے آئے جس میں اداکار یا میزبان کی جانب سے ایک دوسرے کو سخت تنقید اور مضحکہ خیز بیانات کا سامنا ہوا جو سوشل میڈیا پر بحث کا مرکز رہے۔

اداکارہ منشا پاشا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اپنے ساتھی اداکاروں کو ایک دوسرے کا احترام کرنے کا مشورہ دے دیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’پاکستانی فنکاروں، کرکٹرز، میزبان وغیرہ، اگر آپ چاہتے ہیں کہ دنیا آپ کی، آپ کے کام کی اور آپ کے ملک کی عزت کرے تو پہلے ایک دوسرے کا احترام اور عزت کرنا سیکھیں‘۔

انہوں نے ایک اور انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ’ایک دوسرے کی تضہیک کرنا اور بے قدری کرنا بند کریں، دوسروں کے کام کی قدر نہ کرنے سے آپ کا وقار بلند نہیں ہوگا‘۔

یاد رہے کہ حال ہی میں ایک کرکٹ شو کے دوران یونس خان اور اداکار محب مرزا کو بھی ایک دوسرے سے سخت لہجے میں بات کرتے دیکھا گیا۔

پروگرام میں کرکٹ پر بحث کے دوران سابق کرکٹر یونس خان نے اداکار محب مرزا سے سخت لہجے میں بات کی اور ساتھ ہی انہیں خبردار کیا کہ وہ آئندہ کسی پروگرام میں کسی سینیئر کھلاڑی کو بات کرنے سے روکنے کی کوشش نہ کریں، ورنہ انہیں تھپڑ پڑ سکتی ہے۔

اس کے علاوہ گزشتہ ماہ اداکار سمیع خان کو ایک ٹاک شو میں شریک میزبان کامیڈین شیخ قاسم کی جانب سے ’مضحکہ خیز‘ اور ’تنقیدی‘ سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔

پروگرام کے دوران کامیڈین شیخ قاسم نے اداکار سمیع خان سے سوال پوچھا کہ اس میں کوئی حرج نہیں کہ آپ بہت اچھے لگ رہے ہیں، لیکن آپ مجھے بتائیں کہ آپ کی فلمیں ہٹ کیوں نہیں ہو پاتیں؟اس کی وجہ کیا ہے؟

اسی دوران کامیڈین نے ایک اور سوال کیا کہ خلیل الرحمن قمر نے ایک فلم بنائی جس کا نام کاف کنگنا تھا، اس میں آپ کو کاسٹ کیا گیا لیکن وہ فلم بھی فلاپ ہو گئی، آپ اس بارے میں کیا کہیں گے؟

تنقیدی سوالوں کا سلسلہ یہاں نہیں رکا بلکہ کامیڈین نے یہاں تک سوال کرڈالا کہ آپ کام زیادہ کرتے ہیں اور معاوضہ کم لیتے ہیں وجہ کیا ہے؟ تاہم میزبان کی جانب سے تنقیدی سوالات کے باوجود اداکار سمیع خان نے تحمل سے جواب دیا۔

یہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عائشہ عمر، منیب بٹ،ارمینہ خان، منشا پاشا سمیت دیگر کئی شوبز شخصیات اداکار سمیع خان کی حمایت میں سامنے آتے ہوئے کامیڈین شیخ قاسم سے معافی کا مطالبہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024