• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

’بن مانگے مشوروں کی ضرورت نہیں‘، زلمے خلیل زاد کی ٹوئٹ پر دفتر خارجہ کا ردعمل

شائع March 15, 2023
سابق امریکی نمائندگی خصوصی زلمے خلیل زاد نے پاکستان کو درپیش چینلجوں پر مشورے دیتے ہوئے بھارت سے موازنہ بھی کیا تھا— فائل فوٹو: رائٹرز
سابق امریکی نمائندگی خصوصی زلمے خلیل زاد نے پاکستان کو درپیش چینلجوں پر مشورے دیتے ہوئے بھارت سے موازنہ بھی کیا تھا— فائل فوٹو: رائٹرز

دفتر خارجہ نے افغانستان کے لیے سابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی جانب سے دی گئی تجاویز پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کے بارے میں بن مانگے مشوروں کی ضرورت نہیں ہے۔

امریکی صدور ڈونلڈ ٹرمپ اور جو بائیڈن دونوں کی انتظامیہ میں افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی کے طور پر کام کرنے والے زلمے خلیل زاد نے کہا تھا کہ پاکستان کم تر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اور بھارت سے بہت پیچھے رہ گیا ہے۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان کو تین سیاسی، اقتصادی اور سیکیورٹی بحرانوں کا سامنا ہے، بے پناہ صلاحیت کے باوجود یہ کم تر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اور اپنے حریف بھارت سے بہت پیچھے ہے۔

لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم کے بعد اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے سنجیدہ کوشش، جرات مندانہ سوچ اور حکمت عملی کی ضرورت کا وقت ہے۔

زلمے خلیل زاد نے کہا کہ پاکستان کے رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالنے، پھانسی دینے، قتل کرنے وغیرہ کے ذریعے تسلسل کے ساتھ نسل کشی غلط راستہ ہے اور پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو گرفتار کرنے سے بحران مزید شدت اختیار کر جائے گا۔

انہوں نے پاکستان کے موجود چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دو مرحلوں پر مبنی حل تجویز کرتے ہوئے کہا کہ پہلا قدم جون کے اوائل میں ہونے والے عام انتخابات کی تاریخ طے کرنا ہے تاکہ مزید بحران روکا جا سکے۔

زلمے خلیل زاد نے تمام اہم سیاسی جماعتوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جو غلط ہوا ہے اس کا مقابلہ کریں اور ملک کو مستحکم، سلامتی اور خوش حالی کی راہ پر گامزن اور مسائل سے بچانے کے لیے مخصوص منصوبہ بندی تجویز کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی پارٹی انتخابات جیتے گی اس کو عوام کا مینڈیٹ ملے گا کہ اسے کیا کرنا چاہیے۔

سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے زلمے خلیل زاد کی ٹوئٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو آج درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کسی کے لیکچرز یا بن مانگے مشوروں کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک پرعزم قوم کے طور پر ہم موجودہ مشکل صورت حال سے مضبوط بن کر نکلنے میں کامیاب رہیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024