• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

لاہور: عمران خان عدالت میں پیش، 3 مقدمات کی عبوری ضمانت میں 13 اپریل تک توسیع

شائع April 4, 2023
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان کو شدید سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں—تصویر: اسکرین گریب
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان کو شدید سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں—تصویر: اسکرین گریب

ہاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان طلب کیے جانے پر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوگئے، ان کی عبوری ضمانت میں 13 اپریل تک کی توسیع کردی گئی۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر حاضری معافی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں 11 بجے تک عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔

جج عبہر گل نے سابق وزیراعظم کی جانب سے 3 مقدمات میں عبوری ضمانت کی دائر درخواست پر سماعت کی۔ ’ عمران خان کے وکیل نے سماعت کے آغاز میں عدالت کو آگاہ کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ کیا عبوری ضمانت میں حاضری معافی ہوتی ہے؟

جج نے مزید کہا کہ عمران خان کی جانب مچلکے بھی جمع نہیں کرائے گئے، آپ یہ بتا دیں کہ انہوں نے آنا ہے کہ نہیں آنا۔

جج نے ریمارکس دیے کہ جو عدالت آئے گا وہی ریلیف لے سکتا ہے۔

وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان کو شدید سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں، ان کو بطور سابق وزیر اعظم سیکیورٹی نہیں ملی۔

وکیل کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ جج صاحب بھی چھٹی پر ہیں صرف تاریخ دینی ہے، ڈیڑھ بجے تک کا وقت دے دیں عمران خان پیش ہو جائیں گے۔

تاہم انسداد دہشتگری عدالت نے عمران خان کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 11 بجے تک پیش ہونے کی مہلت دی۔

دریں اثنا مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ ایس ایس پی عمران کشور بھی انسداد دہشت گری عدالت پیش ہوئے اور بتایا کہ عمران خان شامل تفتیش نہیں ہوئے۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ہم اپنا تحریری بیان پولیس کو جمع کرا دیتے ہیں یا جے آئی ٹی زمان پارک آ کر تفتیش کر لے یہ ہوتا آیا ہے۔

جج نے کہاکہ بہتر یہی ہے آپ تحریری بیان جے آئی ٹی کو جمع کرا دیں جس پر وکیل نے کہا کہ ہم عمران خان کا تحریری بیان عدالت میں جمع کرانے کو تیار ہیں۔

بعدازاں انسداد دہشتگری عدالت نے جے آئی ٹی کے سربراہ کو تفتیش جلد از جلد مکمل کرنے اور آئندہ سماعت پر دوبارہ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

اس دوران عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیا جو دوبارہ شروع ہوئی تو عمران خان پیش ہوگئے، جس کے بعد عدالت نے ان کی عبوری ضمانت میں 13 اپریل تک کی توسیع کردی گئی۔

پس منظر

خیال رہے کہ عمران خان نے لاہور میں درج 3 مقدمات میں ضمانت کے لیے انسداد دہشتگردی عدالت سے رجوع کیا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر نے عبوری ضمانتوں کی درخواستیں دائر کی تھیں۔

عمران خان کی جانب سے درخواست میں کہا گیا کہ شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں ،پولیس کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے، عدالت تینوں مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر کے پولیس کو گرفتاری سے روکے۔

واضح رہے کہ تھانہ ریس کورس لاہور میں عمران خان کے خلاف 3 مقدمات درج اور زیر تفتیش ہیں۔

تھانہ ریس کورس میں عمران خان کے خلاف ایف آئی آرز نمبرز 365/23، 388/23، 410/23 دفعات 312، 148، 149، 353، اور انسداد دہشتگردی کی دفعہ 7 سمیت دیگر دفعات کے تحت درج ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024