امریکا: بینک میں فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک
امریکی شہر لوئی ویل کی ایک بینک میں فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ لوئی ویل ڈاؤن ٹاؤن کی ایک بینک میں فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق حملے کے فوراً بعد پولیس نے کہا کہ حملہ آور ہلاک ہوگیا ہے جس کے لیے کہا گیا کہ وہ بینک کا حاضر سروس یا سابق ملازم تھا۔
تاہم پولیس ابھی تک اس بات کا تعین کرنے میں ناکام ہے کہ آیا کہ حملہ آور نے خود کو گولی ماری یا وہ پولیس کی فائرنگ میں ہلاک ہوا۔
پولیس نے کہا کہ شہر کے ڈاؤن ٹاؤن میں اولڈ نیشنل بینک کی برانچ میں صبح ساڑھے 8 بجے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس پر کچھ ہی منٹس میں پولیس وہاں پہنچی۔
زخمی ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔
شہر کے میئر کریگ گرین برگ نے بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ ہم ایک کمیونٹی کے طور پر اکٹھے ہوں گے تاکہ ایسی خوفناک کارروائیوں کو ریاست کے ارد گرد جاری رہنے سے روکا جا سکے۔
خیال رہے کہ امریکا میں اس طرح کے واقعات روز کا معمول بنے ہوئے ہیں جہاں اسلحے کے قوانین میں سختی لانے پر بھی بحث چل رہی ہے۔
حالیہ ہائی پروفائل واقع میں 27 مارچ کو ٹینیسی کے شہر نیش وِل کے ایک اسکول میں تین 9 سالہ طالب علم اور عملے کے تین ارکان کو ایک سابق طالب علم نے قتل کر دیا تھا۔
قبل ازیں امریکا کی جنوبی ریاست مسی سیپی میں ایک مسلح شخص نے گولی مار کر 6 افراد کو ہلاک کیا تھا۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ ’مسیسیپی پولیس نے کہا کہ ایک شخص نے ارکابوٹلا نامی قصبے کے اسٹور پر ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا اور پھر قریبی گھر میں جا کر ایک خاتون کو قتل کر دیا۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ نے بعد میں کاؤنٹی شیرف کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی کہ وہ خاتون ملزم کی سابقہ بیوی تھی۔