• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، حج انتظامات کیلئے 16 کروڑ 30 لاکھ ڈالر منظور

شائع April 11, 2023
ریگولر اسکیم میں 44 ہزار 190 سیٹوں کے مختص کوٹہ کے لیے 72 ہزار 869 درخواستیں موصول ہوئیں—فائل فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
ریگولر اسکیم میں 44 ہزار 190 سیٹوں کے مختص کوٹہ کے لیے 72 ہزار 869 درخواستیں موصول ہوئیں—فائل فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 28 ہزار 679 عازمین حج کو اسپانسر شپ اسکیم سے ریگولر اسکیم میں منتقل کرنے کے لیے 16 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی اضافی فنانسنگ کی منظوری دے دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریگولر حج اسکیم کے تحت موصول ہونے والی تمام (72 ہزار 869) درخواستوں کو بغیر ووٹنگ کے منظور قرار دیا جائے گا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کو وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے حج اسکیم 2023 کے انتظامات اور طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ سعودی عرب نے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کا کوٹہ مختص کیا اور کابینہ نے 9 مارچ کو فیصلہ کیا تھا کہ اسے سرکاری اور نجی حج اسکیموں کے درمیان 50، 50 کے تناسب سے تقسیم کیا جائے اور ہر اسکیم کا 50 فیصد کوٹہ اسپانسر شپ کے ذریعے پُر کیا جائے گا جس کے لیے حج واجبات بیرون ملک سے امریکی ڈالر کی صورت میں بھجوانے ہوں گے۔

توقع ہے کہ کُل درکار 28 کروڑ 40 لاکھ ڈالر میں سے 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالر، 89 ہزار 605 حجاج کی اسپانسر شپ اسکیم سے حاصل ہوجائیں گے، اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ نے گزشتہ ماہ منظوری دی تھی کہ فنانس ڈویژن حج 2023 کے لیے بقیہ 9 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ فراہم کرے گا۔

لہٰذا 16 مارچ کو ریگولر اور اسپانسر شپ دونوں اسکیموں کے لیے درخواستیں 31 مارچ تک طلب کی گئیں، ریگولر اسکیم میں 44 ہزار 190 سیٹوں کے مختص کوٹہ کے لیے 72 ہزار 869 درخواستیں موصول ہوئیں۔

اسپانسر شپ اسکیم کی آخری تاریخ 7 اپریل تک بڑھا دی گئی ہے، وزارت مذہبی امور نے امکان ظاہر کیا ہے کہ 44 ہزار 190 سیٹوں کے کوٹے کے لیے محض 8 ہزار درخواستیں موصول ہوں گی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کے سامنے ’حج پالیسی 2023‘ پیش کرتے وقت یہ توقع کی گئی تھی کہ اسپانسر شپ اسکیم سے مکمل طور پر استفادہ حاصل کیا جائے گا اور 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالر حاصل ہوں گے۔

اسپانسر شپ اسکیم کے درخواست دہندگان کو اپنے حج کے پورے واجبات امریکی ڈالر میں جمع کرانے ہوں گے جبکہ پرواز کا کرایہ اور سروس چارجز پاکستانی روپے میں ادا کیے جائیں گے، لہٰذا توقع کی جارہی ہے کہ اسپانسر شپ اسکیم کے ذریعے ریگولر اسکیم کے لیے بھی کافی غیر ملکی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔

تاہم موجودہ صورتحال میں وزارت مذہبی امور اور وزارت خزانہ نے فیصلہ کیا کہ اسپانسرشپ اسکیم کے بقایہ کوٹے کو ریگولر اسکیم میں منتقل کر دیا جائے اور اس طرح تمام (72 ہزار 869) درخواست دہندگان کو بغیر قرعہ اندازی کے منظوری دے دی جائے، نتیجتاً اسپانسر شپ اسکیم کے تحت 28 ہزار 679 سیٹوں کو ریگولر اسکیم کے ذریعے استعمال میں لایا جائے گا۔

لہذا ریگولر اسکیم کو پورا کرنے کے لیے درکار زرمبادلہ بڑھ کر 21 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہو گیا جس میں سے 5 کروڑ ڈالر پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں، اس لیے 16 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے اضافی زرمبادلہ کے لیے یہ منظوری دی گئی۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ 28 ہزار 679 درخواستوں کو ریگولر اسکیم میں منتقل کرنے اور اسپانسر شپ اسکیم کی وصولی کے بعد غیر استعمال شدہ سرکاری حج کوٹہ یا تو پرائیویٹ حج اسکیم کو دے دیا جائے گا یا پھر سعودی عرب کو واپس کر دیا جائے گا، دونوں صورتوں میں اس میں زرمبادلہ کے لیے اضافی رقم درکار نہیں ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024