• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

سری نگر کی جامع مسجد پر تالا لگا دیا گیا، نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی

شائع April 14, 2023
سینئر علیحدگی پسند رہنما اور مسجد کے پیش امام عمر فاروق اگست 2019 سے گھر میں نظر بند ہیں—فوٹو: کمشیر میڈیا ہاؤس
سینئر علیحدگی پسند رہنما اور مسجد کے پیش امام عمر فاروق اگست 2019 سے گھر میں نظر بند ہیں—فوٹو: کمشیر میڈیا ہاؤس

مقبوضہ جموں اور کشمیر میں بھارتی حکام نے مسلمانوں کو سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں باجماعت نمازِ جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا ہے جس کی پنڈت تنظیم نے مذمت کی ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق حکام نے مسجد انتظامیا کو دروازوں کو تالا لگانے اور مسجد کے اندر کسی کو داخل ہونے کی اجازت نہ دینے کا حکم دیا ہے۔

انجمن اوقاف جامعہ مسجد نے کہا کہ ضلعی مجسٹریٹ اور پولیس حکام نے صبح ساڑھے 9 بجے مسجد کا دورہ کیا اور مسجد کے دروازوں کو تالا لگانے کا حکم دیا جیسا کہ انتظامیا نے فیصلہ کیا ہے کہ جمعتہ الوداع (رمضان کا آخری جمعہ) کی نماز مسجد میں ادا نہیں کی جائے گی۔

انجمن اوقاف جامعہ مسجد نے ایسے احکامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے لاکھوں مسلمانوں میں بے چینی پیدا ہوگی جو کہ رمضان کے آخری جمعہ کے موقع پر کشمیر کے مختلف علاقوں سے آکر مسجد میں باجماعت نماز ادا کرتے ہیں۔

انجمن نے کہا کہ رمضان المبارک کے الوداعی جمعہ کے موقع پر جامعہ مسجد میں نماز کی ادائیگی بڑی مذہبی اہمیت ہے۔

خیال رہے کہ اگست 2019 کے بعد باجماعت نماز کے لیے بند کی گئی کشمیر کی سب سے بڑی جامعہ مسجد تقریباً ڈھائی برس بعد باجماعت نماز کی ادائیگی کے لیے کھولی گئی ہے۔

سری نگر میں قائم یہ تاریخی مسجد 14ویں صدی کا تعمیراتی معجزہ ہے جو کہ کشمیر میں سب سے بڑا مذہبی اور ثقافتی مرکز ہے۔

بھارتی حکومت کی طرف سے 5 اگست 2019 کو جموں اور کشمیر کو آرٹیکل 370 کے تحت دی گئی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد وہاں کی سب سے بڑی مسجد میں باجماعت نماز پر پابندی عائد کردی تھی۔

بعدازاں مختصر عرصے کے لیے مسجد کو دوبارہ کھولا گیا لیکن کورونا وبا کی پابندیوں کے پیش نظر پھر بند کردیا گیا جہاں بیک وقت تقریباً 40 ہزار مسلمان نماز ادا کر سکتے ہیں۔

سینئر علیحدگی پسند رہنما اور مسجد کے پیش امام عمر فاروق اگست 2019 سے گھر میں نظر بند ہیں۔

بعدازاں کشمیری پنڈتوں کی تنظیم کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل (کے پی ایف آئی) برطانیہ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی کی مذمت کی۔

کشمیر میڈیا ہاؤس کی رپورٹ کے مطابق فورم کے چیئرمین ستیش مہلدار نے ایک بیان میں جامع مسجد میں جمعہ کی نماز پر پابندی کی مذمت کی اور کہا کہ نماز پر پابندی کا کوئی جواز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمعتہ الوداع پر باجماعت نماز پر پابندی افسوسناک ہے اور ضلعی انتظامیہ یا پولیس حکام ایسا کرنے کا حق نہیں رکھتے ۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024