• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

چینی وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے، دفتر خارجہ

شائع May 4, 2023
پاک چین اسٹرٹیجک مذاکرات کا تیسرا دور جولائی 2021 میں چین کے شہر چینگڈو میں ہوا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاک چین اسٹرٹیجک مذاکرات کا تیسرا دور جولائی 2021 میں چین کے شہر چینگڈو میں ہوا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

چینی وزیر خارجہ چن گانگ پاک۔چین اسٹریٹجک مذاکرات میں شرکت کے لیے دو روزہ سرکاری دورے پر کل (5 مئی کو ) پاکستان پہنچیں گے۔

عہدہ سنبھالنے کے بعد سے یہ ان کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔

پاک-چین اسٹریٹجک مذاکرات کے چوتھے دور کی صدارت وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے ہم منصب چن گانگ مشترکہ طور پر کریں گے، یہ میکانزم دو طرفہ اہم معاملات کا جائزہ لیتا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ اسٹریٹجک مذاکرات کے دوران دونوں فریق پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک کوآپریٹو شراکت داری کی توثیق کریں گے۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ پاکستان اور چین کے درمیان کثیر الجہتی تعاون کے لیے روڈ میپ تیار کرنے، علاقائی اور عالمی منظر نامے پر بھی تبادلہ خیال کریں۔

پاک چین اسٹریٹجک مذاکرات کا تیسرا دور جولائی 2021 میں چین کے شہر چینگڈو میں ہوا تھا۔

چینی وزیر خارجہ چن گانگ کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے تعلقات کی اہمیت اور ان کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

دوسری جانب ترجمان چینی وزارت خارجہ نے آج بیان جاری کرتے ہوئے چن گانگ کے دورہ پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ چین اور پاکستان کے اعلیٰ سطح کے حکام کے درمیان حالیہ قریبی اور متواتر بات چیت کا ایک اہم پہلو ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ دورے کے دوران دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ عالمی اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان نے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین ’آئرن فرینڈز‘ ہیں، ’سدا بہار اسٹرٹیجک کوآپریٹو شراکت داری‘ کے عظیم بندھن میں جڑے ہوئے ہیں۔

اس حوالے سے ترجمان نے وزیر اعظم شہباز شریف کے گزشتہ برس نومبر میں چین کے کامیاب دورے کو یاد کیا، جس میں پاکستان اور چین کی قیادت نے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور دونوں ممالک کی دوستی کے خلاف ہر طرح کے خطرات اور عزائم کو ناکام بنانے، سماجی و اقتصادی ترقی سمیت تمام شعبوں میں تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

حکام نے بتایا کہ چین کو امید ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان اہم مشترکہ مفاہمت پر عمل پیرا ہو گا، اسٹریٹجک رابطے اور عملی تعاون کو مزید گہرا کرے گا، نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین۔پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کو فروغ دے گا۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024