• KHI: Asr 4:49pm Maghrib 6:30pm
  • LHR: Asr 4:19pm Maghrib 6:02pm
  • ISB: Asr 4:23pm Maghrib 6:07pm
  • KHI: Asr 4:49pm Maghrib 6:30pm
  • LHR: Asr 4:19pm Maghrib 6:02pm
  • ISB: Asr 4:23pm Maghrib 6:07pm

دریائے نیلم میں لاپتا ہونے والے سیاحوں کا کوئی سراغ نہ مل سکا، تلاش اب تک جاری

شائع May 7, 2023
گاڑی منزل سے تقریباً 21 کلومیٹر قبل حادثے کا شکار ہوئی — فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
گاڑی منزل سے تقریباً 21 کلومیٹر قبل حادثے کا شکار ہوئی — فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

ایک ہفتہ قبل آزاد کشمیر کے دریائے نیلم میں جیپ گرنے کے باعث لاپتا ہونے والے نوجوانوں کا تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا اور ان کی تلاش اب تک جاری ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ریسکیو 1122 کے غوطہ خوروں نے دریا میں لاپتا 8 افراد کی تلاش کا آپریشن شروع کیا۔

حکومت پنجاب کے ٹوئٹر ہینڈل سے جاری ایک بیان کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر ریسکیو 1122 کی خصوصی ٹیم دریائے نیلم پہنچی تھی۔

جیپ کو 30 اپریل کی رات 9:15 بجے حادثہ پیش آیا تھا جب وہ جیت پھلوی بازار سے موڑ کاٹتے ہوئے دریائے نیلم میں جاگری تھی۔

متاثرہ گاڑی مظفر آباد سے 156 کلومیٹر شمال مشرق کی طرف وادی نیلم کے آخری گاؤں تاؤبٹ سے کیل کے قصبے کی طرف جا رہی تھی لیکن منزل سے تقریباً 21 کلومیٹر قبل حادثے کا شکار ہوئی۔

جیپ میں 14 افراد سوار تھے جن میں سے 12 لاہور سے تعلق رکھنے والے سیاح تھے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارکنان جائے وقوع پر پہنچے جہاں انہوں نے 5 زخمیوں کو اور ایک لاش کو نکال لیا تھا۔

جاں بحق شخص کی شناخت لاہور کے رہائشی 22 سالہ غلام میران کے نام سے ہوئی تھی۔

تاہم ایک مقامی شخص اور لاہور کے علاقے اچھرہ سے تعلق رکھنے والے 7 نوجوانوں سمیت 8 افراد کی تلاش اب تک جاری ہے۔

لاپتا ہونے والے افراد کی شناخت 26 سالہ عمیر احمد، 22 سالہ بلال مقبول، 35 سالہ شاہ نواز، 20 سالہ ولید احمد، 27 سالہ اظہر اشرف، 24 سالہ ایم رحیم، 20 سالہ راحیل اور 17 سالہ حافظ اشتیاق کے نام سے ہوئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024