• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھا لیا

شائع May 23, 2023
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

بلدیاتی انتخابات کے چار ماہ بعد کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں منتخب بلدیاتی نمائندوں نے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے چار ماہ بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں پاکستان پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، پاکستان تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 14 سو چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری تقریب سے قبل یا بعد میں اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے کچھ اراکین کو گرفتار کرلیا گیا، تاہم کچھ ہی گھنٹوں بعد انہیں رہا کردیا گیا تھا۔

کراچی میں 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ایک ہزار 460 اراکین منتخب ہوئے تھے اور ان میں سے تقریباً 60 منتخب اراکین حلف برداری تقریب میں شریک نہیں ہوئے جن میں سے اکثریت کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے۔

کراچی کے 7 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز نے متعلقہ اضلاع میں تقاریب کے دوران منتخب چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز سے حلف لیا۔

ادھر پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جن اراکین نے حلف نہیں اٹھایا وہ جیل میں ہیں کیونکہ 9 مئی کو ہونے والے مظاہروں کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ دیگر اراکین نے گرفتاری کے خوف سے حلف نہیں اٹھایا۔

پی ٹی آئی کراچی چیپٹر کے جنرل سیکریٹری ارسلان تاج گھمن نے کہا کہ ’یہاں تک کہ آج (پیر) بھی عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہمارے منتخب اراکین کو حلف برداری تقریب سے گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے تمام قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور بدقسمتی سے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور عدلیہ سمیت کوئی بھی اس پر نوٹس نہیں لے رہا، یہ سب ہمارے منتخب اراکین پر دباؤ ڈالنے اور انہیں حراساں کرنے کے لیے کیا جارہا ہے۔

درین اثنا ایک پولیس افسر نے تصدیق کی کہ حلف برداری تقریب سے قبل پی ٹی آئی کے 4 منتخب نمائندوں کو گرفتار کیا گیا تھا جن کو کچھ ہی گھنٹوں بعد رہا کردیا گیا تھا۔

تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ گرفتاری کے پیچھے کیا وجوہات تھیں۔

سندھ کے مختلف اضلاع میں منتخب نمائندوں نے حلف اٹھا لیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے دیے گئے وقت کے تحت ضلعی اور ٹاؤن افسران نے سندھ کے مختلف اضلاع میں منعقد حلف برداری تقاریب کے دوران چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز سے اپنے عہدوں کا حلف لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ حیدرآباد میں 960 منتخب چیئرمین، وائس چیئرمین اور وارڈ کونسلرز میں سے 929 اراکین نے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی 160 یونین کمیٹیز کے لیے حلف اٹھایا جبکہ 26 اراکین حلف برداری تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔

لاڑکانہ میں لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن، رتوڈیرو، ڈوکری اور باکرانی کے 400 سے زائد ضلعی کونسل کے اراکین نے تعلقہ ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقاریب کے دوران حلف اٹھایا۔

اسی طرح ٹھٹہ میں ضلعی کونسل، میونسپل کمیٹی اور ٹاؤن کمیٹی کے 72 اراکین، 40 چیئرمین اور وائس چیئرمین اور یونین کونسلز کے 160 منتخب اراکین نے حلف اٹھایا۔

میرپورخاص میں 53 یونین کونسلز کے نو منتخب چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل کونسلرز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا جبکہ بدین میں بھی ضلعی کونسل، 10 ٹاؤن کمیٹیز اور دو میونسپل کمیٹیز کے اراکین نے حلف اٹھالیا۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024