• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

’علیحدگی پسندوں‘ کو بھارت-آسٹریلیا تعلقات میں خلل ڈالنے کی اجازت نہ دی جائے، نریندر مودی

شائع May 24, 2023
بھارتی وزیراعظم کی آسٹریلیا کے وزیراعظم سے ملاقات — فوٹو: اے ایف پی
بھارتی وزیراعظم کی آسٹریلیا کے وزیراعظم سے ملاقات — فوٹو: اے ایف پی

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے خبردار کیا ہے کہ ’علیحدگی پسند عناصر‘ کو بھارت-آسٹریلیا کے تعلقات میں خلل ڈالنے کی اجازت ہرگز نہ دی جائے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق سڈنی میں وزیراعظم انتھونی البانیز سے ملاقات کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے آسٹریلیا میں سکھ باغیوں کی طرف سے ہندوؤں کی عبادت گاہوں پر ’حملے‘ پر سخت تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی ایسے عناصر کو تسلیم نہیں کریں گے جو اپنے خیالات اور اقدامات سے بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان دوستانہ اور پرجوش تعلقات کو نقصان پہنچائیں، مزید کہا کہ دونوں ممالک نے ’علیحدگی پسند عناصر‘ کی سرگرمیوں پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔

نریندر مودی نے کہا کہ وزیراعظم انتھونی البانیز نے ایک بار پھر مجھے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مستقبل میں ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدامات اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ رواں برس آسٹریلیا میں خالصتان تحریک کے حامی سکھ باغیوں کی طرف سے نصف درجن مندروں پر مودی مخالف پینٹنگ کی گئی ہے جس کو بھارتی میڈیا میں بڑے پیمانے پر رپورٹ کیا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ بھارتی ریاست پنجاب میں سکھ علیحدگی پسند رہنما کی گرفتاری کے لیے ہونے والی پولیس کارروائیوں کے خلاف سکھ علیحدگی پسندوں کی طرف سے عالمی سطح پر مظاہرے کیے گئے تھے، جبکہ پولیس نے کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے پنجاب ریاست میں انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام منقطع کردیا تھا۔

تاہم آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے مندروں پر کی جانے والی پینٹنگ کا کوئی ذکر نہیں کیا جبکہ اس کے برعکس انہوں نے طلبہ، محققین، کاروباری لوگوں اور ماہرین تعلیم کے ایکسچینج پروگرام کو فروغ دینے پر زور دیا۔

انتھونی البانیز نے سڈنی میں نریندر مودی کے حامیوں کے اجتماع سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’وزیراعظم نریندر مودی باس ہیں‘، اور انہیں ’قریبی دوست‘ قرار دیا۔

ایک سوال کے جواب میں انتھونی البانیز نے کہا کہ ’اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا ہمیشہ انسانی حقوق کے لیے کھڑا ہوگا، چاہے وہ دنیا کے کسی کونے میں ہوں۔

اس سوال پر کہ کیا وہ یہ مسائل نریندر مودی کے سامنے رکھیں گے، تو انتھونی البانیز نے کہا کہ ان کی ’ون آن ون‘ ملاقات ہوئی ہے اور وہ اپنے ’باعزت‘ تعلقات کی تفصیلات کو لیک نہیں کریں گے۔

انسانی حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ 2014 میں نریندر مودی اور ان کی ہندو قوم پرست بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارت کے 20 کروڑ مسلمانوں کو امتیازی سلوک اور تشدد کا سامنا ہے۔

ہیومن رائٹس واچ کی ایلین پیئرسن کے مطابق نریندر مودی کے دور میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت بھارت بہت کم آزاد اور اپنے ناقدین کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہوا ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت بھارت جی 20 میں دنیا کی دوسری بڑی تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت ہے۔

آسٹریلیا میں دوسری سب سے بڑی آبادی بھارتی نزاد آسٹریلوی افراد کی ہے جن کی تعداد 6 لاکھ 73 ہزار ہے۔ اسی طرح آسٹریلیا کی متعدد جامعات میں 90 ہزار بھارتی طلبہ زیر تعلیم ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024