• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بھارت: منی پور میں نسلی فسادات، ایک شخص ہلاک

شائع May 25, 2023
فوج نے ریاست میں ہزاروں فوجیوں کو تعینات کر دیا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
فوج نے ریاست میں ہزاروں فوجیوں کو تعینات کر دیا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارت کی شورش زدہ شمال مشرقی ریاست منی پور میں نسلی فسادات کی تازہ لہر کے دوران ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا اور گھروں کو آگ لگا دی گئی۔

منی پور میں رواں ماہ ایک دھماکا ہوا تھا جس میں کم از کم 70 افراد ہلاک اور سیکڑوں لوگ بے گھر ہوگئے تھے، اس واقعے کے بعد سے منی پور میں نسلی فسادات پھوٹ پڑے تھے، اس دوران تقریباً 2 ہزار مکانات کو بھی جلا دیا گیا۔

فسادات کی وجہ ککی قبائلی گروہ کا اس بات پر غصہ تھا کہ اکثریتی میتی کمیونٹی کو سرکاری ملازمتوں اور دیگر مراعات کا کوٹہ دیے جانے کا امکان ہے، اس امکان نے ککی قبائلی گروہ کے درمیان یہ خدشہ بھی پیدا کر دیا کہ میتی کمیونٹی کو بھی ان علاقوں میں زمین حاصل کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے جو فی الحال ان کے اور دیگر قبائلی گروہوں کے لیے مختص ہیں۔

فوج نے ریاست میں ہزاروں فوجیوں کو تعینات کر دیا ہے، جہاں کرفیو نافذ کیا جاچکا ہے اور انٹرنیٹ سروس کئی ہفتوں سے منقطع ہے۔

گزشتہ روز بشنو پور ضلع میں مشتبہ عسکریت پسندوں کی طرف سے لوگوں کے ایک گروپ پر گولی چلانے کے نتیجے میں ایک سخص کی ہلاکت کے بعد غیر معینہ مدت کا کرفیو دوبارہ نافذ کر دیا گیا۔

ایک مقامی پولیس افسر نے بتایا کہ 2 افراد، جو کہ ایک امدادی کیمپ میں رہ رہے تھے، عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے دوران زخمی ہوگئے تھے، بعدازاں ان میں سے ایک ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

افسر نے بتایا کہ فائرنگ سے پہلے مشتبہ عسکریت پسندوں نے تشدد کے دوران بے گھر ہونے والوں کے لیے قائم کیے گئے ایک ریلیف کیمپ کے قریب کچھ لاوارث مکانات کو نذر آتش کر دیا۔

مقامی وزیر گوونداس کونتھوجم کے گھر پر بھی حملہ کیا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی تاہم اس وقت ان کا خاندان گھر سے باہر تھا۔

بھارت کے شمال مشرقی علاقے میں نسلی اور علیحدگی پسند گروپوں کے درمیان کئی دہائیوں سے بدامنی دیکھی جاتی رہی ہے، یہ علیحدگی پسند گروہ مزید خودمختاری یا بھارت سے علیحدگی کے خواہاں ہیں، 1950 کی دہائی سے اب تک منی پور میں کم از کم 50 ہزار افراد مارے جا چکے ہیں۔

اس طرح کے بہت سے تنازعات گزشتہ برسوں کے دوران ختم ہو گئے تھے، بہت سے گروہوں نے حکومت کے ساتھ مزید اختیارات کے لیے معاہدے کرلیے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024