• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

وزیراعظم کی بیلاروس کے وزیر خارجہ سے ملاقات، دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ

شائع June 1, 2023
وزیراعظم نے بیلاروس کے صدر کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا—فوٹو: آن لائن
وزیراعظم نے بیلاروس کے صدر کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا—فوٹو: آن لائن

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، بیلاروس کے ساتھ اپنے خوشگوار اور وسیع البنیاد تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور بیلاروس کے ساتھ معیشت، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے یہ باتیں بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک سے ملاقات کے دوران کہیں۔

جواب میں سرگئی ایلینک نے وزیر اعظم شہباز شریف کے لیے بیلاروس کے صدر لوکاشنکو کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیلاروس، پاکستان کو ایک اہم ملک سمجھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اس کی کوششوں کو سراہتا ہے۔

وزیراعظم نے بیلاروس کے وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔

پاکستان اور بیلاروس کی 2024 میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ کے تناظر میں وزیر اعظم نے مسلسل اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں اور مشغولیت کا خیرمقدم کیا، علاوہ ازیں وزیراعظم نے بیلاروس کے صدر کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

بلاول بھٹو آج اردن، عراق کے دورے پر روانہ ہوں گے

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آج اردن اور عراق کے دورے پر روانہ ہوں گے، پہلے مرحلے میں وہ شاہ عبداللہ دوم کے بڑے بیٹے ولی عہد حسین بن عبداللہ کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے اردن جائیں گے، جو ظہران پیلس میں اپنی سعودی منگیتر راجوا السیف سے شادی کر رہے ہیں۔

علاقائی بادشاہتوں کے سربراہان کے علاوہ امریکی خاتون اول جل بائیڈن اور ہالینڈ کے بادشاہ بھی مہمانوں میں شامل ہیں۔

اردن کے بعد وزیر خارجہ بلاول بھٹو 5 سے 7 جون تک عراق کا دورہ کریں گے، وزیر خارجہ عراق کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین کی دعوت پر عراق کا دورہ کر رہے ہیں۔

دورے کے دوران وزیر خارجہ عراقی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور اپنے ہم منصب سے تفصیلی ملاقات کریں گے، علاوہ ازیں بھٹو زرداری کے دورہ عراق کے دوران اہم معاہدوں پر بھی دستخط ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024