• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

جناح ہاؤس حملہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی ضمانت منظور

شائع June 12, 2023
عدالت نے علیمہ خان کی 27 جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی — فائل فوٹو: اے ایف پی
عدالت نے علیمہ خان کی 27 جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی — فائل فوٹو: اے ایف پی

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی درخواستِ ضمانت پر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں سماعت ہوئی۔

علیمہ خان نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں ایڈووکیٹ رانا مدثر عمر کی وساطت سے لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ پولیس نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد کیا ہے، گرفتاری کا خدشہ ہے، شامل تفتیش ہو کر اپنا موقف پیش کرنا ہے عدالت عبوری ضمانت منظور کرے۔

عدالت نے علیمہ خان کی 27 جون تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو علیمہ خان کی گرفتاری سے روک دیا اور علیمہ خان کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کر دی، علاوہ ازیں عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے مقدمے کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ 9 مئی کو سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی القادر ٹرسٹ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کی طرف سے ملک گیر احتجاج شروع ہوگئے تھے۔

لاہور میں چند مشتعل افراد نے کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) پر حملہ کرکے وہاں توڑ پھوڑ کی اور فوجی تنصیبات نذر آتش کی تھیں، جس کے بعد حکومت نے فوجی تنصیبات پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی کے کئی مرکزی رہنماؤں سمیت سیکڑوں کارکنان کی گرفتاری عمل میں آئی۔

20 مئی کو چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا تھا کہ ’9 مئی کے واقعات کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، حملہ کرنے والوں اور سہولت کاروں کے خلاف آرمی ایکٹ اور آئین پاکستان کے تحت قواعد کے مطابق ٹرائل کے قانونی عمل کا آغاز ہوگیا ہے‘۔

چند روز قبل میڈیا پر یہ اطلاعات گردش کر رہی تھیں کہ چیئرمین تحریک انصاف کی بہن علیمہ بی بی کا نام بھی جیو فینسنگ میں آگیا ہے اور 9 مئی کے واقعے میں وہ بھی مبینہ طور پر وہاں موجود تھیں۔

یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ علیمہ خان کو شامل تفتیش کیا جائے گا، اگر وہ پیش نہیں ہوتیں تو ان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024