• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

’گھر کے مردوں کی فرمانبرداری‘ کے مشورے پر فیروز خان کو تنقید کا سامنا

شائع July 5, 2023
فیروز خان نے کمنٹ سیکشن میں اپنے مداحوں کے کئی سوالات کا جواب بھی دیا— فائل فوٹو: انسٹاگرام/فیروز خان
فیروز خان نے کمنٹ سیکشن میں اپنے مداحوں کے کئی سوالات کا جواب بھی دیا— فائل فوٹو: انسٹاگرام/فیروز خان

ایک مداح کی جانب سے ڈپریشن سے نکلنے سے متعلق سوال پر ’اپنے گھر کے مردوں کی فرمانبرداری کرنے‘ کے جواب پر اداکار فیروز خان سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

فیروز خان نے سماجی پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی والدہ کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی، ویڈیو پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں اداکار نے اپنے مداحوں کے کئی سوالات کا جواب بھی دیا۔

ایک مداح نے جب سوال پوچھا کہ آپ کا اپنے اوپر ہونے والی مسلسل تنقید پر کیا ردعمل ہوتا ہے تو فیروز خان نے طنزیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’مجھ پر مسلسل تنقید تو نہیں ہوتی لیکن جب ہوتی ہے تو میں ان سے بہت اچھی طرح نمٹتا ہوں۔‘

اس کے علاوہ بھی انہوں نے متعدد سوالات کے جواب دیے جو مداحوں کو بے حد پسند آئے۔

اسی طرح ایک اور مداح نے فیروز خان سے سوال پوچھا کہ ’آپ 21 سے 25 سال کی عمر کے نوجوانوں کو کیا پیغام دیں گے جو اپنے مستقبل کے حوالے سے ڈپریشن کا شکار ہیں‘۔

سوال کے جواب میں فیروز خان نے کہا کہ ’اپنے مردوں کی فرمانبرداری کریں، انہیں اپنی ذمہ داری سونپ دیں اور خود آرام سے بیٹھ کر لطف اندوز ہوں۔‘

جس پر ایک اور مداح نے فیروز خان کے اس ’متنازع بیان‘ کی مخالفت کرتے ہوئے پوچھا کہ ’اگر حمائمہ گھر پر رہتیں اور آپ کی فیملی کے مشکل وقت میں کچھ نہ کرتیں، تو کیا آپ کے گھر والے اتنے آرام دہ زندگی بسر کر رہے ہوتے؟ اگر وہ اُس وقت کام نہ کرتیں تو آج حالات مختلف ہوتے یا مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا، اس بات کا اعتراف آپ اپنے انٹرویوز میں بھی کرچکے ہیں۔‘

مداح نے مزید کہا کہ ’پلیز یہ کہنا چھوڑ دیں کہ خواتین کو گھر میں رہنا چاہیے اور مردوں پر انحصار کرتے ہوئے زندگی گزارنی چاہیے، لڑکیوں کو اپنی فیملی کی ضروریات اور اخراجات کو پورا کرنے کے لیے مالی طور پر قابل ہونا پڑتا ہے۔‘

جس پر فیروز خان نے اپنی بہن حمائمہ ملک سے متعلق سوال پر جواب دیا کہ ’کیا آپ کو لگتا ہے کہ وہ میرے والد اور ہم بھائیوں کی حمایت کے بغیر یہ حاصل کر پاتیں؟‘

فیروز خان کی جانب سے خواتین کو گھر بیٹھنے کا مشورہ دینے پر سوشل میڈیا صارفین نے ان پر شدید تنقید کی۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’لڑکی نے ازدواجی مسائل کے حوالے سے نہیں بلکہ ڈپریشن سے متعلق سوال کیا تھا۔‘

ایک اور صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ گمراہ ہوچکے ہیں، ان کا خواتین سے متعلق تصور بھیانک ہے۔‘

کئی مداحوں نے فیروز خان پر الزام لگایا کہ ’ان کی علیزہ خان سے طلاق بھی اسی سوچ کی وجہ سے ہوئی ہوگی۔‘

یاد رہے کہ علیزہ سلطان اور اداکارہ فیروز خان نے ستمبر 2022 میں طلاق کی تصدیق کی تھی، دونوں نے 2018 میں شادی کی تھی، 2019 میں ان کے ہاں پہلے بیٹے (سلطان) جبکہ فروری 2022 میں بیٹی (فاطمہ) کی پیدائش ہوئی تھی۔

علیزہ سلطان نے فیروز خان پر تشدد کے الزامات عائد کیے تھے جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف عدالتوں میں کیسز بھی دائر کر رکھے ہیں، جن کی سماعتیں جاری ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024