• KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:48pm
  • LHR: Maghrib 6:03pm Isha 7:24pm
  • ISB: Maghrib 6:08pm Isha 7:32pm
  • KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:48pm
  • LHR: Maghrib 6:03pm Isha 7:24pm
  • ISB: Maghrib 6:08pm Isha 7:32pm

انسانی جسم میں تمام اقسام کے برڈ فلو سے حفاظت کرنے والا وائرس دریافت

شائع July 7, 2023 اپ ڈیٹ July 8, 2023
—فائل فوٹو: رائٹرز
—فائل فوٹو: رائٹرز

سائنسدانوں نے طویل عرصے تک تحقیق کے بعد انسانی جسم میں ایک ایسا وائرس دریافت کرلیا جو انسان کو ہر طرح کے ’برڈ فلو‘ سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق گلاسگو یونیورسٹی کے ماہرین نے طویل عرصے تک تحقیق کے بعد انسانی جسم میں ’بی ٹی این 3 اے 3‘ (BTN3A3) نامی جینیاتی وائرس دریافت کرلیا جو ہر طرح کے فلو (Flu) کو جسم میں منتقل ہونے سے روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ جینیاتی وائرس انسانی پھیپھڑوں، ناک، گلے اور چہرے کے ارد گرد موجود ہوتا ہے اور ڈاکٹرز پہلے سے ہی اس متعلق معلومات جانتے ہیں لیکن ماہرین کو یہ علم نہیں تھا کہ وہ فلو کو روکنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

تحقیق کے دوران ماہرین نے 1918 سے لے کر اب تک آنے والی فلو کی وباؤں کا بھی جائزہ لیا، جس میں اسپینش فلو، سوائن فلو اور برڈ فلو سمیت اسی طرح کی ملتی جلتی دیگر وبائیں شامل تھیں۔

اسی طرح کی تمام وباؤں سے اندازے کے مطابق کروڑوں افراد متاثر ہوئے اور لاکھوں کی تعداد میں اموات بھی ہوئیں۔

ماہرین نے بتایا کہ ماضی میں دنیا میں آنے والی فلو وباؤں نے اس لیے ہی انسانوں پر حملہ کیا، کیوں کہ انسانی جسم میں موجود مذکورہ حفاظتی وائرس کمزور ہوا یا پھر جانوروں یا پرندوں سے پھیلنے والی بیماریاں زیادہ طاقتور ہوئیں۔

ماہرین کے مطابق انسانی ڈی این اے میں موجود ’بی ٹی این 3 اے 3‘ (BTN3A3) جینیاتی وائرس میں یہ صلاحیت اور طاقت موجود ہے کہ وہ ہر طرح کے فلو کو انسانی جسم میں داخل ہونے سے روکے لیکن اب اس بات پر تحقیق کی جائے گی کہ وہ کون سے عوامل ہیں جس وجہ سے مذکورہ وائرس فلو کو انسانی جسم میں داخل ہونے سے روک نہیں پاتا۔

اس تحقیق کے لیے ماہرین اب برڈ فلو، سوائن فلو اور اسی طرح کی دیگر بیماریوں کے شکار جانوروں اور پرندوں کی بیماریوں کا جائزہ لیں گے اور دیکھا جائے گا کہ وہ کون سی وجوہات ہیں جن کی بنا پر جانوروں اور پرندوں میں پھیلنے والی بیماریاں انسان کو متاثر کرتی ہیں۔

ماہرین کو امید ہے کہ وہ اس ضمن میں مزید حیران کن چیزیں دریافت کریں گے اور اگر یہ ثابت ہوگیا کہ انسانی جسم میں موجود ’بی ٹی این 3 اے 3‘ (BTN3A3) جینیاتی وائرس فلو کو روکتا ہے تو جلد ہی دنیا میں فلو اور دیگر وباؤں کو روکنے کا اہم ہتھیار موجود ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024