• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کرکٹ ورلڈ کپ 1992 کی فتح پر دستاویزی فلم تیار

شائع July 8, 2023
—پرومو فوٹو
—پرومو فوٹو

پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ 1992 کی فتح پر دستاویزی فلم ’کارنرڈ ٹائیگر: دی 1992 اسٹوری‘ کا پہلا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ ہفتے ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

پروڈیوسر نینا کاشف کی دستاویزی فلم کی ہدایات فلم ساز عدنان سرور نے دی ہیں اور اس میں اس وقت کے تقریبا تمام کھلاڑیوں کے انٹرویوز کو شامل کیا گیا ہے۔

فلم ساز نبیل قریشی نے دستاویزی فلم کا ٹریلر ٹوئٹ کرتے ہوئے ٹیم کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ وہ فلم کے ریلیز ہونے کا اب مزید انتظار نہیں کر سکتے۔

پروڈیوسر نینا کاشف نے بھی دستاویزی فلم کا ٹریلر کو انسٹاگرام پر شیئر کیا، جنہوں نے گزشتہ ماہ فلم کا پہلا ٹیزر بھی شیئر کیا تھا۔

مختصر دورانیے کے ٹریلر میں لیجنڈری کھلاڑیوں جاوید میاں داد، وسیم اکر، انضمام الحق، معین خان اور مشتاق احمد سمیت دیگر کو دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر میں تمام کھلاڑی ورلڈ کپ 1992 کے دوران پاکستانی ٹیم کی خراب اور اچھی کارکردگی سمیت یادگار لمحات پر بات کرتے دکھائی دیے۔

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں جہاں کھلاڑی ورلڈ کپ کی فتح پر بات کرتے ہوئے تاریخ لمحات بتاتے دکھائی دیں گے، وہیں سابق کرکٹرز اس وقت کے تنازعات اور قیاس آرائیوں سے بھی پردے اٹھاتے دکھائی دیں گے۔

وسیم اکرم ٹریلر میں بولتے سنائی دیتے ہیں کہ کرکٹ پاکستانیوں کے لیے صرف کھیل نہیں ہے بلکہ یہ ایک طرح سے پاکستانیوں کے لیے خون کی مانند ہے۔

ساتھ ہی وہ بتاتے ہیں کہ ان سے متعلق غلط معلومات پھیلائی جاتی ہے کہ انہیں اس وقت کے کپتان نے دریافت کیا تھا جب کہ حقیقت یہ ہے کہ انہیں جاوید میاں داد نے دریافت کیا تھا۔

ٹریلر میں اس وقت کے قومی ٹیم کے کپتان کو نہیں دکھایا گیا لیکن دستاویزی فلم میں ان کا کردار سب سے اہم ہوگا۔

فلم میں شعیب اختر سمیت دیگر نئے کھلاڑیوں کو بھی کرکٹ پر بات کرتے دکھایا جائے گا جب کہ اس میں ملک کے گلی اور محلوں میں کھیلی جانے والی کرکٹ کے مناظر بھی شامل ہوں گے۔

’کارنرڈ ٹائیگر: دی 1992 اسٹوری‘ کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم ’ٹیمپڈ‘ پر ریلیز کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ اسے یوٹیوب پر بھی پیش کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024