• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

اسلام آباد: مختلف مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع

شائع July 10, 2023
چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 6 اور بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ کوہسار میں درج مقدمے کی بھی سماعت ہوئی — فائل فوٹو: اے ایف پی
چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 6 اور بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ کوہسار میں درج مقدمے کی بھی سماعت ہوئی — فائل فوٹو: اے ایف پی

مختلف مقدمات میں چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ضمانت میں توسیع کردی گئی۔

چیرمین پی ٹی آئی کے خلاف 6 اور بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ کوہسار میں درج مقدمے کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرا نے کی۔

وکیل شیر افضل نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہونا ہے، سماعت بعد میں سن لیں، جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ آپ آج حتمی دلائل دیں گے؟ وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ جی دیں گے، ابھی اسلام آباد ہائی کورٹ جانے دیں۔

اس دوران پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت سے لے جانے کی کوشش کی جس پر جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو روکیں۔

جج طاہر عباس سِپرا نے پوچھا دیگر کیس میں کیا تاریخ ہوئی ہے؟ وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ 19 جولائی کی تاریخ پراسیکیوشن کی رضامندی سے ہوئی، کل یا پرسوں سماعت مقرر کردیں، 6 مقدمات الگ نوعیت کے ہیں، آپ کی عدالت میں چند کیسز میں شامل تفتیش ہونا باقی ہے۔

وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ اے ٹی سی کے مقدمات سب سے پرانے ہیں، ان میں شاملِ تفتیش ہو چکے ہیں، جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ انسانی قوت کے مطابق ایک دن میں تمام کیسز میں شاملِ تفتیش ہونا ممکن نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد میں ہی رہائش پذیر ہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم سے مکالمہ کیا کہ میری معلومات کیسز سے بڑھ کر نہیں ہے، وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ دعا نکلتی ہے آپ کے لیے، 19 جولائی کی تاریخ دیں اور ہمارا دل خوش کردیں۔

جج طاہر عباس سِپرا نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 6 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے کہا کہ اگر شامل تفتیش نہ ہوئے تو آئندہ سماعت پر فیصلہ سنا دوں گا۔ ضمانت میں توسیع کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کمرہ عدالت سے روانہ ہوگئے۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات کی سماعت ہوئی، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیسز کی سماعت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ کھنہ میں 2 جب کہ تھانہ بہارہ کہو میں ایک مقدمہ درج ہے۔

جج نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو پہلے یہاں بلا لیں، بادشاہوں والی بات ہے، انہیں پتا نہیں کیس کال ہوگیا ہے؟ رجسٹرار کو فون کریں، انہیں کہیں پہلے یہاں بھیجیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی انسدادِ دہشت گردی عدالت پہنچ گئے، ان کے وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ آج عدالت کے سامنے تین مقدمات زیر سماعت ہیں، کل تینوں کیسز میں شامل تفتیش ہوگئے ہیں، تفتیش مکمل ہوگئی ہے، لاہور کے مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کے بعد تفتیشی افسران نے بہت تعاون کیا ہے، ان سارے کیسز میں مدعی، گواہ، تفتیشی پولیس ہے، اس صورتحال میں انصاف ہمیں عدالت نے دینا ہے۔

سلمان صفدر نے کہا کہ یہ ایک ہی بات کرتے رہے ہیں کہ ان کو ہم نے وڈیوز دکھانی ہیں، شامل تفتیش کرنے میں اتنی تاخیر کیوں ہوئی؟ جج نے کہا کہ ہم یہاں صرف ضمانت کی حد تک سماعت کرنے کے لیے بیٹھے ہیں، انصاف یہ ہے کہ اگر ایک بندہ بے گناہ ہے تو بے گناہ کریں، گناہ گار ہے تو گناہ گار، میں بالکل برداشت نہیں کروں گا، شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔

جج اے ٹی سی نے کہا کہ میں یہ روایتی کارروائی نہیں ہونے دوں گا، میں بیلنس سے کہہ رہا ہوں، بغیر ڈرے ہوئے، شفاف لہجے میں کہہ رہا ہوں، بلی کے گلے میں گھنٹی کون ڈالے گا؟ ہم نے اس ملک کو بچانا ہے، انصاف پر مبنی تفتیش کریں، میں بہت کلیئر بندہ ہوں، اس پر میں سمجھوتہ نہیں کروں گا، تفتیش میں پولیس کی جانب سے کوئی بے انصافی ہوئی تو میں نہیں چھوڑوں گا، میں قانون کے مطابق پولیس کےخلاف کارروائی کروں گا۔

وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ گزارش ہے کہ ہم نے 17 اور 18 جولائی کو کوئٹہ جانا ہے ضمانت کے لیے، گزارش ہے کہ 19 جولائی کی تاریخ دی جائے، اے ٹی سی جج نے کہا کہ آپ کے پاس جو مواد ہیں ان کو فراہم کریں، اس کے ساتھ ہی چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کردی گئی۔

ادھر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ کوہسار، شہزاد ٹاؤن اور کھنہ میں درج مقدمات سے متعلق ایڈیشنل سیشن جج فرخ فرید بلوچ نے سماعت کی۔

وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ گزشتہ روز مجموعی طور پر 7 اور شہزاد ٹاؤن کےدو مقدمات میں شاملِ تفتیش ہوئے ہیں، آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہونا ہے، 9 نئے کیسز ہیں۔

وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ ہائی کورٹ میں کل 16 کیسز ہیں، جج فرخ فرید نے کہا کہ چھوٹا سا کیس ہے، دیگر کیسز چھوڑ کر یہاں آئے ہیں، وکیل سلمان صفدر نے 19 جولائی تک سماعت ملتوی کر نے کی استدعا کی جس پر جج فرخ فرید نے دو مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت 19 جولائی تک منظور کرلی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024