ورلڈ کپ کے فائنل شیڈول کا اعلان، پاک بھارت میچ سمیت 9 میچوں کا شیڈول تبدیل
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے لیے حتمی شیڈول کا اعلان کردیا ہے جس میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم میچ سمیت مجموعی طور پر 9 میچوں کی تاریخ اور اوقات کار میں ردوبدل کیا گیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ پہلے 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں شیڈول تھا لیکن بی سی سی آئی نے 15 اکتوبر کو ہونے والے اس اہم میچ کے حوالے سے سیکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا کیونکہ اس دن بھارت میں مذہبی تہوار کا آغاز ہوگا۔
بھارتی بورڈ کی درخواست پر اب میچ کو ایک دن پہلے منتقل کردیا گیا ہے اور دونوں روایتی حریفوں کے درمیان میچ 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
اس میچ کی تبدیلی کی وجہ سے دیگر میچوں کے شیڈول میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے جس میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا مقابلہ بھی شامل ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ 12 اکتوبر کو شیڈول تھا لیکن پاک بھارت میچ کے دن پہلے انعقاد کے سبب ٹیم کی سفری مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے اب میچ کو 10 اکتوبر کی تاریخ پر منتقل کردیا گیا ہے۔
اسی طرح انگلینڈ اور افغانستان کے درمیان 14 اکتوبر کو شیڈول میچ اب 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جبکہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا اہم مقابلہ بھی اب 13 اکتوبر کے بجائے 12 اکتوبر کو ہو گا۔
نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان مقابلہ بھی 14 اکتوبر کو کھیلا جانا تھا لیکن اب اس ڈے نائٹ میچ کی تاریخ بھی تبدیل کر دی گئی ہے جو اب 13 اکتوبر کو چنائی میں کھیلا جائے گا۔
اسی طرح انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان 10 اکتوبر کو ہونے والے ڈے نائٹ میچ کے اوقات بدل دیے گئے ہیں اور اب یہ دن کا میچ ہو گا جو دوپہر دو بجے کے بجائے صبح ساڑھے 10 بجے شروع ہو گا۔
اسی طرح ٹورنامنٹ کے آخری لیگ میچز کے اوقات میں بھی تبدیلی کی گئی ہے اور 12 نومبر کو ہونے والے دونوں میچز اب 11 نومبر کھیلے جائیں گے۔
11 نومبر کو آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان ڈے میچ پونے میں کھیلا جائے گا جبکہ اسی دن کولکتہ میں پاکستانی ٹیم ڈے نائٹ میچ میں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کا سامنا کرے گی۔
نگال کرکٹ ایسوسی ایشن نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں شیڈول میچ کسی اور تاریخ پر منتقل کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ 12نومبر کو شہر اور اس خطے کا اہم ترین تہوار ’کلی پوجو‘ ہے۔
پولیس نے شہر میں مذہبی تہوار کے سبب سیکیورٹی کے خدشات سے آگاہ کیا تھا جس کے بعد ایسوسی ایشن نے بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کو خط لکھ کر تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی۔
اسی طرح میزبان بھارت کا آخری لیگ میچ 11 نومبر کے بجائے اب 12 نومبر کو منعقد ہو گا اور روہت شرما الیون بنگلورو میں کھیلے جانے والے ڈے نائٹ میچ میں نیدرلینڈز کا سامنا کرے گی۔
ورلڈ کپ 2023 کا آغاز 5اکتوبر کو دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہو گا جہاں انہی دونوں ٹیموں کے مابین 2019 کے ورلڈ کپ کا فائنل بھی ہوا تھا۔
پاکستان کی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف حیدرآباد میں کھیلے گی جبکہ دوسرا میچ بھی اسی مقام پر سری لنکا کے خلاف شیڈول ہے۔
14 اکتوبر کو بھارت سے مقابلے کے بعد 20 اکتوبر کو بنگلورو میں آسٹریلیا کا چیلنج درپیش ہوگا۔
گرین شرٹس کا اگلا امتحان 23 اکتوبر کو چنائی میں افغانستان کے خلاف ہوگا جس کے بعد 27 اکتوبر کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم ساتواں میچ بنگلہ دیش کے خلاف 31 اکتوبر کو کھیلے گی اور 4 نومبر کو بنگلورو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ کی میزبانی کرے گا۔
قومی ٹیم اپنا آخری راؤنڈ میچ 11 نومبر کو دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل 15 نومبر کو ممبئی اور دوسرا سیمی فائنل 16 نومبر کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ کی طرح فائنل کی میزبانی بھی سوا لاکھ سے زائد آبادی کا حامل احمد آباد کا نریندر مودی اسٹیڈیم کرے گا۔
ٹورنامنٹ میں دن میں ہونے والے میچز صبح ساڑھے 10 بجے جبکہ ڈے نائٹ میچز دوپہر دو بجے شروع ہوں گے۔
ورلڈ کپ کے میچز کے ٹکٹ 25اگست سے فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔