• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سعودی عرب کی پہلی نیٹ فلیکس اوریجنل ویب سیریز تیار

شائع August 17, 2023
—پرومو فوٹو
—پرومو فوٹو

انٹرٹینمنٹ اسٹریمنگ ویب سائٹ اور پروڈکشن کمپنی نیٹ فلیکس نے پہلی بار اسلامی دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب کی اوریجنل ویب سیریز تیار کرلی، جسے آئندہ ماہ ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

نیٹ فلیکس مینا کی جانب سے سعودی عرب کی پہلی اوریجنل ویب سیریز ’بیت طاہر‘ (طاہر کا گھر) کا ٹریلر بھی جاری کیا گیا، جس میں ایک ہی خاندان کے افراد کو اپنا کاروبار آگے بڑھانے کے لیے مشکلات کا شکار دکھایا گیا ہے۔

نشریاتی ادارے ’العربیہ نیوز‘ کے مطابق ’بیت طاہر‘ نامی ویب سیریز کامیڈی ہے، جس کی کہانی ایک ایسے خاندان کے گرد گھومتی ہے جن کے کئی نسلوں سے مچھلیاں فروخت کرنے کا کاروبار ہوتا ہے لیکن بدلتے دور کے ساتھ وہ اس کاروبار میں جدت لانا چاہتے ہیں، جس دوران انہیں متعدد چیلنجز درپیش ہوتے ہیں۔

ویب سیریز کی ہدایات سعودی فلم ساز سلطان عبدالمحسن نے دی ہیں اور اس کی کاسٹ میں شامل اداکار بھی وہیں کے ہیں۔

’بیت طاہر‘ میں محمد بخش، الہاشمی الفیصل، محمد الفازہ اور جود صوفیانی نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں اور ویب سیریز کو آئندہ ماہ 6 ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

سعودی عرب کی پہلی ویب سیریز کی تیاری اور اس کی ریلیز کے اعلان پر سعودیہ کے شائقین نے خوشی کا اظہار کیا جب کہ وہاں کی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے بھی اس پر اظہار اطمینان کیا۔

سعودی عرب کی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے امید ظاہر کی کہ نیٹ فلیکس سعودیہ کی مزید اوریجنل ویب سیریز اور فلمیں تیار کرے گا۔

خیال رہے کہ نیٹ فلیکس متعدد ممالک کی اوریجنل ویب سیریز اور فلمیں تیار کرتا ہے، جس کی کاسٹ اور دیگر ٹیم اسی ملک پر مشتمل ہوتی ہے۔

نیٹ فلیکس سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک کی اوریجنل ویب سیریز اور فلمیں بھی ریلیز کرتا ہے جب کہ بھارت میں بھی اس کی جانب سے اوریجنل مواد تیار کیا جاتا ہے۔

نیٹ فلیکس نے مشرق وسطیٰ و عرب ممالک میں نومبر 2022 سے اوریجنل مواد تیار کرنا شروع کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024