بھارت: زیر تعمیر ریلوے پُل گرنے سے 22 افراد ہلاک

شائع August 23, 2023
—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو فوٹیج میں لوہے کا فریم دکھایا گیا جو بلند پلرز سے نیچے وادی میں جاگرا — فوٹو: وزیراعلیٰ ٹوئٹر اکاؤنٹ
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو فوٹیج میں لوہے کا فریم دکھایا گیا جو بلند پلرز سے نیچے وادی میں جاگرا — فوٹو: وزیراعلیٰ ٹوئٹر اکاؤنٹ

بھارت کی مشرقی ریاست میزورام میں زیر تعمیر ریلوے پُل گرنے سے وہاں کام کرنے والے 22 مزدور ہلاک ہو گئے اور مزید 4 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پل گرنے سے حادثہ میزورام کے دارالحکومت ایزاول سے 20 کلومیٹر دور میانمار کی سرحد کے قریبی علاقے سیرانگ نامی قصبے میں پیش آیا۔

میزورام کے وزیراعلیٰ زورام تھنگا کی جانب سے جاری کی گئی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو ستوںوں کے درمیان لگائے گئے لوہے کے فریم نیچے گرے ہوئے ہیں۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے پر گہرا دکھ ہے۔

وزیر اعلیٰ نے پوسٹ میں کہا کہ آئیزول کے قریب سائرنگ میں زیر تعمیر ریلوے اوور برج گر نے سے کم از کم 17 مزدور ہلاک ہوگئے۔

شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مذکورہ کمپنی کے ایک ملازم نے بتایا کہ جائے وقوع سے 22 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

اس سے قبل بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے پولیس اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ 17 لاشیں نکال لی گئیں اور کئی دیگر مزدور لاپتا ہیں، لوگوں کے لاپتا ہونے سے متعلق اطلاعات کی فوری طور پر تصدیق ممکن نہیں تھی۔

ایک اور بھارتی اخبار دی ہندو نے حکومتی اہلکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پُل گرنے کے وقت تقریباً 40 مزدور اس مقام پر موجود تھے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاکہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

ان کے دفتر کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ نریندر مودی نےاس حادثے پر دکھ کا اظہار کیا اور ہلاک لوگوں سے تعزیت کی جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ حکومت ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو تقریباً 2 ہزار 400 ڈالر ادا کرے گی، میزورام بھارت کے انتہائی مشرق میں میانمار کی سرحد سے متصل خطہ ہے۔

ریاستی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگ امدادی کارروائیوں میں مدد کے لیے آئے، انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس سانحے سے بہت غمزدہ اور متاثر ہوئے۔

بھارت میں بڑے انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کے دوران اس طرح کے حادثات عام طور پر پیش آتے رہتے ہیں۔

رواں ماہ مغربی بھارت میں کم از کم 20 مزدور اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب معاشی حب ممبئی کے باہر زیر تعمیر ایکسپریس وے کے اوپر ایک کرین گر گئی تھی۔

گزشتہ سال اکتوبر میں گجرات میں مرمت کے فوری بعد پل گرنے سے 130 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

2016 میں کولکتہ کی سڑک پر فلائی اوور گرنے سے کم از کم 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024