• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

شائع August 28, 2023
زلزلے کا مرکز  افغانستان میں ہندوکش خطہ تھا جب کہ اس کی زیر زمین گہرائی 184 کلومیٹر تھی — فائل فوٹو: اے ایف پی
زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش خطہ تھا جب کہ اس کی زیر زمین گہرائی 184 کلومیٹر تھی — فائل فوٹو: اے ایف پی

صوبائی دارالحکومت پشاور اور اس کے گرد و نواح سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے آج صبح 9 بج کر 35 منٹ پر محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں پی ڈی ایم اے کے پی نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش خطہ تھا، جب کہ اس کی زیر زمین گہرائی 184 کلومیٹر تھی۔

دوسری جانب موومنٹ میگنیٹیوڈ پیمانے کا استعمال کرتے ہوئے شدت کی اطلاع دینے والے امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے کہا کہ زلزلے کی شدت 4.8 تھی جب کہ اس کا مرکز افغان شہر فرخار سے 47 کلومیٹر مشرق میں تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق یہ جھٹکے پشاور، نوشہرہ، سوات، لوئر دیر، کوہاٹ، شبقدر، ایبٹ آباد، باجوڑ، مردان، مہمند کے علاقوں میں محسوس کیے گئے۔

فوری طور پر زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں بھی صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کچھ حصوں میں 5.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا، تاہم اس سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق رات گئے آنے والے اس زلزلے کا مرکز بھی افغانستان میں ہندوکش علاقہ تھا جس کی گہرائی 196 کلومیٹر تھی۔

یاد رہے اس سے قبل رواں سال 13 جون کو بھی بھارت اور پاکستان کے کچھ حصوں میں 5.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز مشرقی کشمیر میں تھا۔

قبل ازیں 28 مئی کو بھی ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں 2 مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جس کے نتیجے میں خیبرپختونخوا کے بٹگرام ضلع میں 3 بچے زخمی ہوگئے تھے۔

اسی طرح رواں برس مارچ میں ملک کے مختلف علاقوں میں 21 اور 22 مارچ کی درمیانی شب 6.8 شدت کے زلزلے سے خیبر پختونخوا میں 10 افراد جاں بحق اور 62 زخمی ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024