• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

شوہر 8 دن بعد باحفاظت واپس آگئے، حریم شاہ

شائع September 5, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

متنازع ٹک ٹاکر حریم شاہ نے تصدیق کی ہے کہ ان کے شوہر تقریباً 8 دن بعد باحفاظت واپس گھر آگئے۔

انہوں نے 5 ستمبر کی دوپہر کو اپنی ٹوئٹ میں شوہر کے ہمراہ پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی واپسی کی تصدیق کی۔

حریم شاہ نے مختصر ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کے شوہر بلال شاہ 5 ستمبر کی صبح کو گھر واپس آئے۔

اس سے قبل 4 ستمبر کو انہوں نے اپنی ٹوئٹس میں بتایا تھا کہ ان کے شوہر کو سندھ کے دارالحکومت کراچی سے سادہ لباس افراد اغوا کرکے لے گئے۔

انہوں نے شوہر کے اغوا سے متعلق مختصر ویڈیو بھی جاری کی تھی، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے شوہر کے اغوا کو 7 دن گزر چکے ہیں۔

انہوں نے مختصر ویڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے وہ اور بلال شاہ کا خاندان ان کی بازیابی کے لیے قانونی کوششیں کر رہے تھے، لیکن ایسی کوششوں میں کوئی کامیاب نہ مل سکی۔

ٹک ٹاکر نے ویڈیو میں بتایا کہ بلال شاہ ان کے ہمراہ برطانوی دارالحکومت لندن میں مقیم تھے لیکن ایک ہفتہ قبل انہیں کسی کام کے سلسلے میں پاکستان جانا پڑا، جہاں انہیں سندھ کے دارالحکومت کراچی سے گھر کے باہر سے سادہ لباس میں ملبوس کچھ افراد گاڑیوں پر اغوا کر کے لے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ بلال شاہ کے اغوا کی شکایت متعلقہ پولیس تھانے میں بھی دے دی گئی جب کہ انہوں نے ذاتی طور پر متعدد اداروں سے بھی رابطہ کیا، لیکن انہیں ان کے اغوا ہونے والے شوہر کا پتا نہ چل سکا۔

بعد ازاں انہوں نے سیاست پی کے کو دیے گئے انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر بلال شاہ کو ڈیفینس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) سے اغوا نہیں کیا گیا بلکہ دوسری جگہ سے اغوا کیا گیا، جہاں سی سی ٹی وی کیمرا نہیں تھے لیکن وہاں موجود بعض افراد نے ویڈیو بنالی تھی۔

انہوں نے انٹرویو میں بھی دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے شوہر کے اغوا کے بعد متعلقہ تھانے سے رابطہ کیا اور وہاں کے اسٹیشن ہاؤسر افسر (ایس ایچ او) انہیں ایک ہفتے تک جھوٹی تسلیاں دیتے رہے۔

حریم شاہ نے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ ایس ایچ او نے انہیں شوہر کے اغوا کا معاملہ میڈیا میں اٹھانے سے روکا تھا اور انہوں نے اسی لیے ایک ہفتے تک صبر کیا اور پھر انہوں نے ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کی۔

ٹک ٹاکر نے بتایا تھا کہ انہوں نے شوہر کے اغوا کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) سے بھی رابطہ کیا لیکن انہیں کوئی کامیاب نہ مل سکی۔

حریم شاہ نے مذکورہ انٹرویو کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ انٹرویو کے چند گھنٹوں بعد ہی ان کے شوہر باحفاظت گھر واپس آگئے۔

انہوں نے اس حوالے سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی کہ ان کے شوہر کو کون اغوا کرکے لے گیا تھا اور ان کی واپسی کیسے ممکن ہوئی؟

خیال رہے کہ حریم شاہ نے جون 2021 میں شادی کرنے کا دعویٰ کیا تھا، ابتدائی طور پر انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے کسی رہنما سے شادی کرنے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا تھا۔

حریم شاہ کی جانب سے شادی کے دعوے پر تنازع کھڑا ہوگیا تھا، جس کے بعد ستمبر 2021 میں انہوں نے بلال شاہ کے ساتھ انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرکے انہیں زندگی قرار دیا تھا۔

بلال شاہ کے ساتھ کئی ماہ تک تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کے 6 ماہ بعد پہلی بار ٹک ٹاکر نے ان کے ہمراہ انٹرویو دیتے ہوئے شادی کا اعتراف کیا تھا۔

مذکورہ انٹرویو میں حریم شاہ نے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے دوسرے افراد سے شادی کا دعویٰ شغل لگانے کے لیے کیا تھا۔

شادی کے بعد حریم شاہ، شوہر کے ہمراہ سعودی عرب عمرے کی ادائیگی بھی کرنے گئیں جب کہ شادی کے بعد وہ شوہر کے ہمراہ زیادہ تر بیرون ممالک رہتی ہیں اور اب بھی وہ خود لندن میں موجود ہیں۔

ٹک ٹاکر نے 2021 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
ٹک ٹاکر نے 2021 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024